بولی وڈ کے تین بڑے خان یعنی شاہ رخ، سلمان اور عامر خان کبھی اکھٹے نظر نہیں آتے مگر جب وہ ایک جگہ ہوں تو ناظرین کا جوش و خروش دیکھنے کے قابل ہوتا ہے۔
اور ایسا ہی منگل کو نئی دہلی میں ایک ایونٹ کے دوران ہوا جب سلمان خان، شاہ رخ خان اور عامر خان ایک ٹی وی شو ‘آپ کی عدالت ود رجت شرما’ میں اکھٹے ہوئے۔
بولی وڈ کے یہ تینوں سب سے بڑے اداکار اس شو کو اکیس سال مکمل ہونے کے موقع پر ایک اسٹیج پر اکھٹے نظر آئے اور تینوں ہی خوشگوار موڈ میں بات چیت اور پُرمزاح انداز اپنا کر دیکھنے والوں کا جوش و خروش بڑھاتے رہے۔
اس ایونٹ میں تینوں خانوں کے علاوہ انیل کپور، ہیما مالنی، انوپم کھیر، سوناکشی سنہا، شتروگھن سنہا، رانی مکھرجی، کرکٹر گوتم گھمبیر، گلوکار اُڈت نارائن، سونو نگم اور دلیر مہدی بھی شریک تھے۔
— بشکریہ انڈین ایکسپریس
دوسری جانب رواں برس کی سب سے بڑی خبر یعنی شاہ رخ اور سلمان خان کے درمیان ہونے والی نئی نئی دوستی نے لگتا ہے دبنگ خان پر کچھ زیادہ ہی اثر کیا ہے اور وہ کنگ خان کے نقش قدم پر چلنے کا فیصلہ کرچکے ہیں۔
انڈین میڈیا کے مطابق سلمان خان نے اپنی زیرتکیمیل فلم ‘پریم رتن دھان پایو’ کی ٹیم کے ساتھ شاہ ورلڈ ٹور کا فیصلہ کیا ہے تاکہ بیرون ملک اس فلم کو پروموٹ کیا جاسکے، یہ حکمت عملی اس سے پہلے شاہ رخ نے حال ہی میں اپنی فلم ‘ہیپی نیوایئر’ کے لیے اپنائی تھی۔
‘پریم رتن دھان پایو’ میں سلمان کے مدمقابل سونم کپور نظر آئیں گی اور یہ فلم راج شری فلمز کے تحت بنائی جا رہی ہے، جس کے ہدایتکار سورج برجاتیہ اور سلمان ایک دوسرے کے بہت قریب ہیں۔
واضح رہے کہ دبنگ خان کو بولی وڈ میں متعارف بھی سورج برجاتیہ نے اپنی فلم ‘میں نے پیار کیا’ کے ذریعے کرایا تھا۔