اسلام آباد: پارلیمانی کمیٹی نے چیف الیکشن کمشنر کے لئے سردار محمد رضا خان کے نام پر اتفاق کرلیا ہے۔
پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں سینیٹر رفیق رجوانہ کی قیادت میں پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس ہوا، 12 رکنی کمیٹی میں مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے علاوہ ایم کیو ایم، اے این پی، مسلم لیگ (ض) اور تحریک انصاف کے ارکان بھی شامل ہیں تاہم تحریک انصاف کے شہریار آفریدی نے اجلاس میں شرکت نہیں کی۔ اجلاس کے دوران کمیٹی کے ارکان جسٹس ریٹائرڈ طارق پرویز، جسٹس ریٹائرڈ تنویر احمد خان اور جسٹس ریٹائرڈ سردار محمد رضا کے ناموں پر غور کیاگیا تاہم کمیٹی کے ارکان نے سردار محمد رضا خان کے نام پر اتفاق کرلیا۔
اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے سینیٹر رفیق رجوانہ نے کہا کہ اجلاس کے دوران پیپلز پارٹی کے اسلام الدین شیخ نے سردار محمد خان کا نام تجویز کیا جس پر تمام جماعتوں کے ارکان نے اتفاق کیا۔ ہمیں اپنے اس متفقہ فیصلے پر فخر ہے،سردارمحمد رضا کا نام آج وزیراعظم نواز شریف کو بھجوادیاجائےگا، وہ امید کرتے ہیں کہ نئے چیف الیکشن کمشنر ملک میں منصفانہ انتخابات کا انعقاد کرائیں گے۔
جسٹس (ر) سردار محمد رضا خان کا تعلق خیبر پی کے سے ہے۔ وہ سپریم کورٹ کے جج بھی رہے ہیں تاہم اس وقت وہ وفاقی شرعی عدالت کے چیف جسٹس کے فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔
پارلیمانی کمیٹی چیف الیکشن کمشنر کیلئے سردار محمد رضا خان کے نام پر متفق
وقتِ اشاعت : December 4 – 2014