|

وقتِ اشاعت :   November 1 – 2020

کوئٹہ: پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی جنرل سیکرٹری و سابق اسپیکر جمال شاہ کاکڑ نے کہا ہے کہ اختلافات جمہوریت کا حسن ہیں لیکن انہیں بات چیت کے ذریعے حل کرنا چاہیے جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ اور نواب ثناء اللہ زہری ہمارے لئے محترم ہیں انکے کسی بھی سخت فیصلے سے ہمیں دکھ پہنچے گا، مسلم لیگ(ن) کے ورکر اور عہدیدار پارٹی کے ساتھ کمیٹڈ ہیں،جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ اور نواب ثناء اللہ زہری کا بنیادی اختلاف پی ڈی ایم کے جلسے میں نواب ثناء اللہ زہری کو مدعو نہ کرنے پر ہوا جس پر وہ ناراض ہیں دونوں رہنماء ابھی پارٹی کا حصہ ہیں۔

اگر انہوں نے پارٹی چھوڑنے کا فیصلہ کیا تو اس کے بعد میاں نواز شریف اور پارٹی قیادت جو فیصلہ کریگی وہ قابل قبول ہوگا، یہ بات انہوں نے این این آئی سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ جمال شاہ کاکڑ نے کہا کہ نواب ثناء اللہ زہری پارٹی کے صوبائی صدر جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ کی خصوصی دعوت پر جلسے میں شرکت کرنے کے لئے کوئٹہ آئے تھے۔

جلسے سے قبل سردار اختر مینگل کی جانب سے میاں نواز شریف اور پارٹی قیاد ت کو انکے اور نواب ثناء اللہ زہری کے مابین قبائلی و سیاسی تنازعات سے آگاہ کیا اور بتایا گیا کہ دونوں رہنماؤں کے ایک اسٹیج پر ہونے سے کارکنوں اور حمایتیوں کے درمیان صورتحال خراب ہوسکتی ہے جس کے نتیجے میں براہ راست جلسے میں خلل پڑ سکتا ہے سردار اختر مینگل کے اعتراض پرمرکزی قیادت کی رائے تھی کہ پی ڈی ایم میں مسلم لیگ(ن) کی وجہ سے کسی بھی قسم کی دراڑ نہیں پڑنی چاہیے۔

جس پر انہوں نے نواب ثناء اللہ زہری کو جلسے میں شرکت کے لئے مدعو کرنے سے گریز کیا۔ میاں نواز شریف کے بیانیے پر اعتراض سے متعلق سوال کے جواب میں جمال شاہ کاکڑ نے کہا کہ پی ڈی ایم کے جتنے بھی اجلاس اور سرگرمیاں ہوئی جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ ان میں پیش پیش رہے ہیں انکے علم میں ایسی کوئی بات نہیں کہ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ نے میاں نواز شریف کے بیانیے پر اعتراض یا تحفظات کا اظہار کیا۔

ہو انہوں نے کہا کہ اگر جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ کو کوئی اعتراض ہوتا وہ آل پارٹیز کانفرنس، مسلم لیگ(ن) کی سی ای سی کمیٹی کے اجلاس جس میں غداری کے مقدمات بنائے گئے، کوئٹہ کے جلسے سے قبل مریم نواز شریف کی آمد سے لیکر انہیں جلسہ گاہ پہنچانے اور اسٹیڈیم سے ایئر پورٹ لیکر جانے تک ساتھ کیوں رہتے۔انہوں نے کہا کہ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ کی درخواست پر نواب ثناء اللہ زہری خصوصی طور پر دبئی سے جلسے میں شرکت کے لئے کوئٹہ پہنچے تھے۔

نواب ثناء اللہ زہری چیف آف جھالاوان ہیں قبائلی سربراہ ہونے کی وجہ سے جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ نے انہیں شرکت سے روکنے پر ناراضگی کا اظہار کیا ہے اور نواب ثناء اللہ زہری کی عدم شرکت ہی کی بناء پر جنرل(ر) عبدالقادر بلوچ بھی جلسے میں شریک نہیں ہوئے۔