پاکستانی امپائر علیم ڈار نے پاکستان اور زمبابوے کے درمیان ہونے والے دوسرے ایک روزہ میچ میں امپائرنگ کے فرائض انجام دے کر جنوبی افریقہ کے امپائر روڈی کرٹزن کا 209 میچوں میں امپائرنگ کرنے کا عالمی ریکارڈ اپنے نام کر لیا ہے۔
تینوں طرز کی کرکٹ میں سب سے زیادہ 387 بین الاقوامی میچز میں امپائرنگ کا اعزاز بھی علیم ڈار کے پاس ہے جب کہ گزشتہ سال دسمبر میں اُنہوں نے سب سے زیادہ ٹیسٹ میچز میں امپائرنگ کے فرائض سرانجام دینے کا ریکارڈ بھی اپنے نام کیا تھا۔
علیم ڈار اب تک 132 ٹیسٹ میچز میں امپائرنگ کر چکے ہیں۔
علیم ڈار نے پچھلے سال دسمبر میں آسٹریلوی شہر پرتھ میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان ہونے والے ٹیسٹ میچ میں امپائرنگ کرکے ویسٹ انڈین امپائر اسٹیو بکنر کا سب سے زیادہ 129 ٹیسٹ میچوں کو سپر وائز کرنے کا عالمی ریکارڈ توڑا تھا۔
علیم ڈار 46 ٹی ٹوئنٹی میچز میں بھی امپائرنگ کر چکے ہیں۔
کرکٹ کی عالمی تنظیم ‘آئی سی سی کی طرف سے علیم ڈار کے توسط سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ون ڈے اور ٹیسٹ میچوں میں سب سے زیادہ میچ سپر وائز کرنا ان کے لیے ایک اعزاز ہے۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ جب انہوں نے اپنے کریئر کا آغاز کیا تھا تو انہوں نے یہ سوچا بھی نہیں تھا کہ وہ اس ریکارڈ تک پہنچ سکیں گے۔
پاکستانی امپائر کا مزید کہنا تھا کہ انہوں نے میدان میں ہر لمحے کھیل کا لطف اُٹھایا ہے اور ابھی بھی وہ سیکھنے کے عمل سے گزر رہے ہیں۔
علیم ڈار جو کہ 1987 اور 1997 کے دوران بطور لیگ اسپنر 17 فرسٹ کلاس میچ کھیل چکے ہیں۔ انہوں نے اپنے امپائرنگ کریئر کا آغاز فروری 2000 میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان گوجرانوالہ میں ہونے والے ایک روزہ میچ سے کیا تھا۔
علیم ڈار سولہ سال تک آئی سی سی کے ایلیٹ پینل کا حصہ بھی رہے ہیں۔