|

وقتِ اشاعت :   November 2 – 2020

کوئٹہ: پاکستان پیپلزپارٹی کے صوبائی صدر میر علی مدد جتک نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کی عوام عام انتخابات میں پیپلزپارٹی کو کامیابی سے ہمکنار کرے گی، پیپلزپارٹی نے گلگت بلتستان کو نام،شناخت،اسمبلی دلوائی،وہاں کے عوام کا مطالبہ ہے کہ انہیں الگ صوبہ اور پارلیمنٹ میں نمائندگی دی جائے، پی پی گلگت بلتستان کے عوام کی مطالبہ کو پورا کرے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ علی مدد جتک نے کہاکہ جب گلگت بلتستان میں انتخابات قریب آئے تو سلیکٹڈ وزیراعظم نے وہاں جا کر 2018کے انتخابات سے قبل عوام کو جس طرح سبز با غ دکھا ئے تھے با لکل ویسا ہی طرز عمل اپنایا اور گلگت بلتستان کی عوام کو بے وقوف بنانے کی کوشش کی اس کے ساتھ ہی وفاقی وزیرعلی امین گنڈاپور نے سرعام عوام کو ووٹ دینے پر رقم دینے کی آفر کی۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے کہا تھا کہ کرپشن کا خاتمہ کیا جائے گا مگر اب خود کہہ رہا ہے کہ ان کے پاس کوئی ایسا جادو نہیں کہ بٹن دبا کر کرپشن کو ختم کیا جائے، سلیکٹڈ اور نااہل حکمرا نوں کے ہوتے ہوئے کرپشن کا خاتمہ ممکن نہیں۔ انہوں نے کہاکہ کرپشن کے خاتمے کے لئے قانون سازی کرنے کی ضرورت ہے پیپلزپارٹی ماضی کی طرز پر اس بار بھی گلگت بلتستان کے عوام کے ساتھ ہے۔

اور انتخابات کے بعد عوام کے ساتھ کئے گئے وعدے پورا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی بلوچستان کی ترقی و خوشحالی کے لئے اقدامات اٹھارہی ہے جس کا واضح ثبوت کورونا وباء کے دوران یہاں کے ڈاکٹروں اور طبی عملے کے لئے ساز و سامان بھیجنا ہے۔