ہاکی کے لیجنڈری کھلاڑی، سابق کپتان اولمپئن عبدالرشید جونیئر 89 برس کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں۔
اولمپیئن عبدالرشید جونیئر کے انتقال پر پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر بریگیڈیئر خالد سجاد کھوکھر اور سیکریٹری جنرل اولمپیئن آصف باجوہ کی جانب سے ان کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت کی دعا کی ہے۔
خالد سجاد کھوکھر اور آصف باجوہ نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اولمپیئن عبدالرشید جونیئر کی ہاکی کے لیے خدمات ہمیشہ یار رکھی جائیں گی، وہ اپنے دور کے بہترین سینٹر فاروڈ رہے ہیں۔
واضح رہے کہ اولمپیئن عبدالرشید جونیئر نے 1968 اولمپک میں گولڈ، 1972 اولمپک میں سلور اور 1976 اولمپک میں برونز کا سیٹ مکمل کرنے والے منفرد اولمپیئن کی حیثیت سے سامنے آئے تھے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا بھی ہاکی اولمپیئن عبدالرشید جونیئر کے انتقال پر اظہار افسوس کیا گیا ہے۔
عثمان بزدار کی جانب سے ہاکی کے کھیل کے فروغ کے لیے عبدالرشید جونیئر کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ پاکستان میں ہاکی کے فروغ کے لیے عبدالرشید جونیئر کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔