|

وقتِ اشاعت :   November 16 – 2020

کراچی: پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) 5 کے دوسرے ایلیمینٹر میچ میں لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کو 25 رنز سے شکست دے کر پہلی بار ٹورنامنٹ کے فائنل میں رسائی حاصل کر لی۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جانے والے میچ میں ملتان سلطانز لاہور کی جانب سے جیت کے لیے دیا گیا 183 رنز کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 157 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

لاہور قلندرز کی جانب سے ڈیوڈ ویزے اور حارث رؤف نے شاندار گیند بازی کا مظاہرہ کیا، دونوں نے بالترتیب تین تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ملتان سلطانز کی جانب ایڈم لتھ 50، خوشدل شاہ 30 جب کہ شان مسعود 27 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

اس سے قبل ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کے خلاف ٹاس جیت کر گیند بازی کا فیصلہ کیا۔

لاہور قلندرز کی جانب سے تمیم اقبال اور فخر زمان نے ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا اور پہلی وکٹ کے لیے 46 رنز کی شراکت داری قائم کی۔

قلندرز کی جانب سے ڈیوڈ ویزے 48، فخر زمان 46 جب کہ تمیم اقبال 30 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ سلطانز کی جانب سے شاہد آفریدی نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

خیال رہے کہ پی ایس ایل 5 کا فائنل منگل کو کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کے مابین کھیلا جائے گا۔