|

وقتِ اشاعت :   January 31 – 2015

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)ڈپٹی اسپیکر بلوچستان اسمبلی عبدالقدوس بزنجو نے اسپیکر بلوچستان اسمبلی سے اختلافات کے باعث مستعفی ہونے کا فیصلہ کرلیاہے ۔مسلم لیگ ق سے تعلق رکھنے ڈپٹی اسپیکر عبدالقدوس بزنجو نے اپنا استعفیٰ مسلم لیگ ق بلوچستان کے صدر اور صوبائی پارلیمانی لیڈر شیخ جعفر مندوخیل اتحادی جماعت مسلم لیگ نون کے صوبائی صدر اور صوبائی پارلیمانی لیڈر نواب ثناء اللہ زہری کو بھجوا دیا۔ عبدالقدوس بزنجوکا کہنا ہے کہ انہوں نے نجی مصروفیات کی وجہ سے عہدے سے استعفیٰ دیا ہے اور وہ اپنے علاقے کی ترقی پر توجہ دینا چاہتے ہیں۔ تاہم مسلم لیگ ن بلوچستان کے صدر نواب ثناء اللہ زہری نے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے تصدیق کی ڈپٹی اسپیکر کا استعفیٰ انہیں موصول ہوگیا ہے۔ ثناء اللہ زہری نے بتایا کہ عبدالقدوس بزنجو نے ن لیگ سے تعلق رکھنے والے اسپیکر بلوچستان اسمبلی جان محمد جمالی سے اختلافات کی وجہ سے استعفیٰ دیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ چونکہ بلوچستان میں مسلم لیگ ق ہماری اہم اتحادی جماعت ہے اور میر عبدالقدوس بزنجو کے ساتھ بھی ہمارے بھائیوں جیسے تعلقات تو ہیں ہم اس معاملے کو حل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ یاد رہے کہ عبدالقدوس بزنجو چار جون دوہزار تیرہ کو ڈپٹی اسپیکر بلوچستان اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔ دو ہزار تیرہ کے عام انتخابات کے بعد حکومت سازی میں مسلم لیگ ق نے مسلم لیگ ن کا ساتھ دیا تھا جس کے بدلے انہیں بلوچستان اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر کا عہدہ ملا تھا۔