کوئٹہ: چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ جسٹس جمال خان مندوخیل نے احتساب عدالتوں میں زیر سماعت کیسوں کو نمٹانے میں تاخیر پر شدید برہمی کا اظہا کرتے ہوئے احتساب عدالتوں کے ججوں کو کیسوں کی آئینی اور قانونی تقاضوں کے مطابق بروقت تکمیل یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
چیف جسٹس نے پیر کے روز ہائی کور ٹ کے جج جسٹس نذیر احمد لانگو کے ہمراہ احتساب عدالتوں کا ا چانک دورہ کر کے کیسوں کی سماعت اور عدالتوں کی کار کردگی کا جائیزہ لیا اور ڈائیریکٹر جنرل نیب کو بھی طلب کیا جبکہ نیب کے پراسیکیو ٹر بھی اس موقع پر موجود تھے چیف جسٹس نے پراسیکیوشن کے عمل میں سست روی اور کیسوں کی سماعت میں غیر ضروری تاخیر پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ۔
احتساب عدالتوں کے ججوں کو اپنی کارکردگی میں اضافہ کرنے ڈی جی نیب اور نیب پر اسیکیؤٹر کو پراسیکیوشن کے عمل کو مزید بہتر بنانے اور گواہوں کو بروقت عدالت میں پیش کرنے کی ہدایت کی جبکہ انہوں نے وکلاء پر زور دیا کہ وہ زیر سماعت کیسوں کو تیز رفتاری سے نمٹانے میں تعاون کریں۔
چیف جسٹس نے کہا کہ انصاف کی فوری فراہمی اور بدعنوانی کے خاتمے کے ہدف کے حصول کے لئے احتساب عدالتوں میں زیر سماعت کیسوں کی بروقت تکمیل اشد ضروری ہے۔
کیسوں کو نمٹانے کے عمل میں غیر ضروری تاخیر سے نہ صرف انصاف کی فراہمی کا عمل متاثر ہوتا ہے بلکہ ملزمان کو بھی ذہنی کوفت کا سامنا کرنا پڑتا ہے لہذا جج وکلاء اور نیب اس ضمن میں اپنے اپنے فرائض کی احسن طریقے سے ادائیگی یقینی بنائیں۔