|

وقتِ اشاعت :   January 5 – 2021

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت 238 ویں کور کمانڈز کانفرنس ہوئی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)  کے مطابق  آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت کور کمانڈر کانفرنس کا انعقاد جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں ہوا۔

کانفرنس میں ملکی و علاقائی خصوصاً سرحدی اور اندرونی سیکیورٹی صورتحال اور فوج کے پیشہ ورانہ امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

کانفرنس میں یوم حق خود مختاری کے موقع پر بہادر کشمیری بھائیوں سے مکمل اظہار یکجہتی کیا گیا۔

شرکاء نے عزم کا اعادہ کیا کہ بھارتی قابض فورسزکا دہائیوں پر محیط ظلم کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کودبانے میں ناکام رہا ہے، پرعزم کشمیری کامیاب ہوں گے۔

کانفرنس میں افغان امن عمل میں مثبت پیشرفت اور علاقائی امن و استحکام کیلئے کی گئی کوششوں پر اظہار اطمینان کیا گیا۔

اس موقع پر  آرمی چیف کا کہنا تھا کہ صلاحیت کے اعلیٰ معیار اور ہر سطح پر سب سے آگے رہنے سے ہی تمام چیلنجز کا مقابلہ کیا جا سکتا ہے۔

کور کمانڈرز کانفرنس کے شرکاء نے اتفاق کیا کہ آپریشنل تیاریوں کیلئے تربیت اور پیشہ ورانہ جستجو ہمارا محور ہونا چاہیے، ہر طرح کے خطرے کو مکمل شکست صرف قومی کوشش سے ہی ممکن ہے، قومی کوشش میں معاشرے کا ہر طبقہ اپنا منصفانہ کردار ادا کرتاہے۔ کانفرنس میں لائن آف کنٹرول، ورکنگ باؤنڈری اور مشرقی سرحد کی سیکیورٹی صورتحال پر بالخصوص تبادلہ خیال کیا گیا۔

شرکاء نے امن و استحکام کیلئے قربانیاں دینے والے تمام شہداء اور ان کے خاندانوں کو خراج تحسین کیا۔

کانفرنس کے شرکاء نے بلوچستان میں حالیہ واقعات میں شہید ہونے والوں اور ان کے اہلخانہ کو بھی خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور دہشتگردوں اور ان کے سہولتکاروں کو ہر صورت شکست دیں گے۔

کورکمانڈرز کانفرنس میں کورونا کے خلاف جنگ میں اپنی زندگیاں داؤ پر لگانے والوں کو بھی خراج تحسین کیا گیا۔