|

وقتِ اشاعت :   January 19 – 2021

کوئٹہ: پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے صدر حاجی علی مدد جتک نے کہا ہے کہ بلوچستان اور پورے ملک میں 2018کے انتخابات میں جس طرح دھاندلی کی گئی تاریخ میں اس کی مثال نہیں ملتی الیکشن کمیشن پاکستان تحریک انصاف کی فارن فنڈنگ سے متعلق جلد فیصلہ کریں اور سلیکٹڈ حکمرانوں کو گھر بھیجا جائے ، پاکستان پیپلز پارٹی اور دیگر سیاسی و جمہوری قوتیں اب اس حکومت کو مزید تسلیم کرنے کیلئے تیار نہیں ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ پر پارٹی کارکنوں اور عہدیداروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہاکہ پشین میں ہونے والے ضمنی انتخابات کے لئے پارٹی کارکن پیپلز پارٹی کے امیدوار کو کامیاب کرانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں اگر اس بار ضمنی انتخابات میں دھاندلی کی کوشش کی گئی تو پیپلز پارٹی کسی بھی صورت خاموش نہیں رہے گی ۔

کیونکہ2018کے انتخابات میں جس طرح پیپلز پارٹی کو بلوچستان میں ناکام بنانے کے لئے جو حربے استعمال کیے گئے اب مزید برداشت نہیں کریں گے اور وقت اور حالات کا تقاضا ہے کہ آنیوالے انتخابات کو صاف و شفاف بنایا جائے ۔

انہوں نے کہاکہ الیکشن کمیشن کے سامنے پی ڈی ایم کے زیر اہتمام جو مظاہرہ کیاگیا تاریخ میں اس کی مثال نہیں ملتی اور31جنوری کو پی ڈی ایم کی جانب سے جو لانگ مارچ منعقد کیا جارہا ہے وہ سلیکٹڈ حکومت کی تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا پارٹی کو مزید فعال بنانے کیلئے بلوچستان بھر کا دورہ کریں گے۔