کوئٹہ: پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی صدر و سابق اسپیکر جمال شاہ کاکڑ نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کے احتجاجی مظاہرے میں عوام کے جم غفیر کی شرکت سے ثابت ہوگیا ہے کہ عوام حکومت سے تنگ آچکی ہے اور پی ڈ ی ایم کی تحریک جلد ہی کامیابی سے ہمکنار ہوگی، پی ڈی ایم کی مقبولیت سے حکومت خوفزدہ ہے عوام نے جلسوں ، احتجاجی مظاہروں ، ریلیوں میں شرکت کرکے اپنا فیصلہ سنا دیا ہے۔
حکومت کو اخلاقی طور پر مستعفی ہوجانا چاہیے، یہ بات انہوں نے منگل کو اپنے ایک بیان میں کہی، جمال شاہ کاکڑ نے کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ نے ملک میں دھاندلی کے ذریعے قائم کی گئی حکومت کے خلاف اصولی جدوجہد شروع کی ہے ہماری تحریک مکمل طور پر پر امن اور سیاسی ہے جو انتہائی مہذب اور جمہوری انداز میں موجودہ حکومت کی خامیوں اور نااہلیوں کو عوام کے سامنے لا رہی ہے۔
موجودہ حکومت نے عوامی حقوق ،جمہوریت ،پارلیمنٹ اور آئین کو سلب کر رکھاہے یہی وجہ سے کہ ملک معاشی اور معاشرتی طور پر زبوں حالی کا شکار ہے اور بحرانوں میں دن بدن اضافہ ہورہا ہے انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم نے الیکشن کمیشن کے سامنے احتجاج ریکارڈ کروا کر اپنا جمہوری حق استعمال کیا۔
اسلام آباد کے مظاہرے میں عوام کے جم غفیر کی شرکت نے ثابت کردیا کہ وہ اب حکومت سے تنگ آگئے ہیں اور اس سے چھٹکارا حاصل کرنا چاہتے ہیں انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کی تحریک جلدہی کامیابی سے ہمکنار ہوگی اور عوام کے لئے خوشی کی نوید ثابت ہوگی ۔