|

وقتِ اشاعت :   February 5 – 2021

اسلام آباد: وزیر داخلہ بلوچستان و پی ڈی ایم اے میر ضیاء اللہ لانگو نے وفد کے ہمراہ ڈائریکٹر جنرل نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل اختر نواز  سے اسلام آباد ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کے دفتر میں ملاقات کی۔ ملاقات میں بلوچستان میں حالیہ برسوں میں قدرتی آفات کے سدباب اور مستقبل کے لائحہ عمل پر تفصیلی غور و حوض کیا گیا۔صوبائی وزیر داخلہ و پی ڈی ایم نے قومی سطح پر این ڈی ایم اے کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے۔

اس امر کا اظہار کیا این ڈی ایم اے، این سی او سی اور وفاقی حکومت مختلف اداروں کے مدبرانہ اقدامات کی بدولت ملک میں کورونا جیسی وبائی صورتحال کو کنڑول کرنے میں کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ اجلاس میں ریلیف کمشنر و ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے نصیر خان ناصر،ڈائریکٹر پی ڈی ایم اے عطا اللہ مینگل ودیگر متعلقہ حکام نے  بھی شرکت کی۔

وزیر داخلہ بلوچستان کاکنہا تھا  کہ صوبے کا رقبے کثیر اور وسائل کی دستیابی نا ہونے کے برابر ہے لیکن جن محدود وسائل میں پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ہنگامی صورتحال میں اقدامات اٹھا رہی ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی وفاقی حکومت کو قائل کرے کہ وہ صوبے کے لیے قدرتی آفات و ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہیوی مشینری اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ آلات مہیا کرے۔

جس طرز پر گلگت بلتستان اور دیگر صوبوں کو مہیا کی گئی ہیں جس پر این ڈی ایم اے کے سربراہ نے صوبائی وزیر کو یقین دہانی کرائی کہ اگلے بجٹ میں اس مد میں وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا جائے گا۔ صوبائی وزیر نے سربراہ این ڈی ایم اے کو بلوچستان آ نیکی خصوصی دورے کی دعوت بھی دی۔