|

وقتِ اشاعت :   February 5 – 2021

کوئٹہ: پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر حاجی علی مدد جتک ، جنرل سیکرٹری سید اقبال شاہ، سیکرٹری اطلاعات سردار سربلند جوگیزئی نے کہا ہے کہ کشمیر میں بھارتی مظالم انسانیت کی تذلیل ہیں ، نام نہاد سیکولر ہندوستان آج دنیا کا سب سے بڑا انتہا پسند ملک بن چکاہے کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے جسکی آزادی کے لئے ہم سفارتی، اخلاقی سطح سمیت ہر حد تک جانے کو تیار ہیں۔

بھارت مظالم ، کرفیو یا جبری قبضے سے کشمیریوں کو انکے حق خود ارادیت اور آزادی سے دستبرار نہیں کرسکتا، موجودہ حکومت نے کشمیر کا مسئلہ پس پشت ڈال دیا ہے یہ بات انہوں نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے مشترکہ بیان میں کہی، انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہر دور میں کشمیر کے مسئلے کو موثر انداز میں عالمی سطح پر اٹھا یا پارٹی کی پالیسی رہی ہے کہ پاکستان کی آزادی کی تکمیل کشمیر کی آزاد ی کے ساتھ منسلک ہے۔

جس پر ہم کسی بھی صورت سمجھوتہ یا خاموش نہیں رہیں گے انہوں نے کہا کہ بھارت نے کشمیر میں گزشتہ 73سالوں کے دوران ہزاروں نوجوانوں کو قتل ، لاکھوں کو پابند سلاسل کیا اور مائوں بہنوں کی عصمت دری جسکی ہم مذمت کرتے ہیں اب بھی کشمیر 550سے زائد دنوں سے دنیا کی سب سے بڑی جیل بنا ہوا ہے کشمیر میں اب ماروائے عدالت قتل و غارت، جبری قبضہ ، جعلی سر چ آپریشن اور مقابلے بند ہونے چاہیئں۔

انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی بھارتی انتہا پسند وزیراعظم نریندر مودی کو پیغام دینا چاہتی ہے کہ آج پاکستانی قوم یوم یکجہتی کشمیر پر کشمیر کی مظلوم عوام کے ہمراہ شانہ بشانہ کھڑی ہے اور کھڑی رہے گی انہو ں نے کہا کہ عالمی برادری کشمیر پر بھارتی قبضے اور انسانیت سوز مظالم کا نوٹس لیتے ہوئے مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے تحت حل کروانے میں اپنا کردار ادا کرے ۔