|

وقتِ اشاعت :   February 8 – 2021

کوئٹہ: پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی صدر و سابق اسپیکر جمال شاہ کاکڑ نے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھتے ہیں مہنگائی بم عوام پر گرا دیا گیا ہے حکومت کو عوامی مسائل سے کوئی سروکار نہیں ہے غریب اور متوسط طبقے زندگی کی بقاء کی جنگ لڑ رہے ہیں ،آنے والے دنوں میںمہنگائی مزید بڑھے گی لیکن حکومت کی مہنگائی کو قابو کرنے کی کوئی حکمت عملی نظر نہیں آرہی ۔

یہ بات انہوں نے یہاں جاری ایک بیان میں کہی ۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے گزشتہ 45روز میں تین مرتبہ عوامی مسائل کا ادراک کئے بغیر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھائیں جسکی وجہ سے آج آٹا، چینی، دالیں، گھی سمیت اشیاء خوردونوش اورروزمرہ استعمال کی اشیاء کی قیمتیں کئی گنا بڑھ گئی ہیں جسکی وجہ سے عوام پریشانی کی شکار ہے انہوں نے کہا کہ حکومت نے تاریخی کمی کے باوجودپیٹرولیم مصنوعات کی خریداری نہیں کی۔

جبکہ آج مہنگے داموں خریداری کی جارہی ہے حکومت کی ناقص حکمت عملی کے نتیجے میں آج پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بار بار اضافہ کیاجارہا ہے اور ان ناتجربہ کار اور غیر عوامی فیصلوں کا غمیازہ عوام مہنگائی کی صورت میں بھگت رہی ہے انہوں نے کہا کہ مہنگائی کو کنڑول کرنے میں حکومت کا کوئی عملی وجودنہیں ہے عوام کو گراں فروشوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے غریب و متوسط طبقہ اب اپنی بقاء کی جنگ لڑرہا ہے۔

اگر یہی صورتحال رہی تو مہنگائی مزید بڑھنے کے ساتھ ساتھ بدامنی اور خانہ جنگی کی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے حکومت ہوش کے ناخن لیتے ہوئے مہنگائی کو قابو کرنے کے عملی اقدامات اٹھائے ۔