کوئٹہ: بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے چیف ایگزیکٹو فرمان زرکون نے کہا ہے کہ بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ نے صوبے میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے کئی اہم سنگ میل عبور کئے ہیں اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ جام کما ل خان کا بھرپور تعاون اورسرپرستی حاصل ہے، ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ کاروباری سرگرمیوں اور سرمایہ کاری میں اضافے کیلئے شمار اقدامات اٹھائے گئے ہیں جن کے مثبت اثرات سامنے آ رہے ہیں۔
ہم سرمایہ کاروں کو ون ونڈو آپریشن کے تحت تمام سہولیات اور معلومات فراہم کر رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ کراچی میں ریجنل آفس کے قیام سے ملک کے سب سے بڑے صنعتی شہر کی بزنس کمیونٹی اور سرمایہ کاروں کوانکی دہلیز پرسہولیات ملی ہیں، اس اقدام کا ہر سطح پر خیر مقدم کیاجا رہا ہے جو اہم کامیابی ہے، اس سے قبل اسلام آباد میں کیمپ آفس بھی قائم کیا جا چکا ہے اور بہت جلد گوادر میں دفتر کا آغاز کر دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ کاروبار میں آسانی سے متعلق سیل(Ease of Doing Business Cell) کا قیام بھی ایک تاریخی اقدام ہے جس کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی، پہلی بار صوبے میں ایک سرمایہ کاری پالیسی متعارف کرائی گئی ہے۔
اور بلوچستان ملک کا پہلا صوبہ ہے جس کی اپنی سرمایہ کاری پالیسی ہوگی، فرمان زرکون نے کہا کہ ان اقدامات کے ثمرات جلد سامنے آئیں گے، تجارتی سرگرمیوں اور سرمایہ کاری کا فروغ بلوچستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے اہم اور وزیر اعلیٰ جام کمال کا وڑن ہے اور اب تک کئی اہم ٹارگٹ حاصل کر لئے گئے ہیں۔