|

وقتِ اشاعت :   February 10 – 2021

کوئٹہ: انسپکٹر جنرل آف پولیس بلوچستان محمد طاہر رائے نے کہا ہے کہ یہ میر ے لئے اعزاز کی بات ہے کہ میں بلوچستان پولیس کا کمانڈر بنا ہوں بلوچستان پولیس شاندار رویات کی امین فورس ہے اس نے بہت سارے بہادر سپوت پیدا کئے ہیں انہوں نے کہا کہ میں آپ کی عزت بڑھانے آیا ہوں میں آپ کا مستقبل بنانے آیا ہوں آپ کو ترقیاں دینے آیا ہوں آپ کی زندگی اور نوکر ی بہتر بنانے کے لئے آیا ہوں۔

یہ بات انہوںنے آج پولیس لائن میں منعقدہ پولیس دربار سے خطاب کر تے ہوئی کہی۔ اس موقع پرکوئٹہ رینج کے ڈی آئی جیز ، ایس ایس پیز، ایس پیز ، ڈی ایس پیز ، انسپکٹرز ، سب انسپکٹر ز ، اسسٹنٹ سب انسپکٹرز اور جوانوں سمیت تمام رینک کے آفیسران موجود تھے آئی جی پولیس بلوچستان نے کہا کہ آپ کا ویلفیئر پیکیج بڑھا دیا گیا ہے جس کے تحت آپ کے بچیوں کے جہیز فنڈ میں 25%فیصد اضافہ اور آپ کے ذہین اور ہونہار بچوں کے سکالرشپ جو کہ کچھ عرصے کے لئے بند کیا گیا تھا۔

اسے دوبارہ بحال کر دیا گیا ہے انہوں نے کہا کہ فورس کے رہائش کے مسائل کو دور کرنے کے لئے رہائشی اپارٹمنٹس تعمیرکئے جائینگے جس سے آپ کا رہا ئش کا دیرینہ مسئلہ حل ہو جائے گا انہوں نے کہا کہ بحیثیت کمانڈر میرا ریکارڈ رہا ہے کہ میں نے ہمیشہ مشکل وقت میں اپنے سپاہی کا ساتھ دیا ہے انہوں نے کہا کہ میں سپاہی کے ساتھ عام اور خاص لوگوں کی بھی عزت کر تا ہوں اور کبھی کسی کی عزت نفس مجروح نہیں ہونے دونگا۔

انہوں نے کہا کہ عوام کی خدمت سائلین کی مدد اور عوام کا تحفظ اولین ترجیج ہے انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف پولیس کو صف اول پررضاکارانہ طور پر لڑنا ہوگا دہشت گردی کا خاتمہ ہمارا عزم ہے عوام کے تعاون سے دہشت گردی کا خاتمہ کرینگے ہم انشاء اللہ ایسا ریکارڈ بنائیں گے کہ دہشت گرد قانون کی گرفت میں آجائے گا۔ انہوں نے کہا ہمیں امن کو مستحکم کر نا ہے اور اس کے لئے ہم ہر قربانی کے لئے تیا ر ہیں۔

انہوں نے ہدایت کی کہ فورس میں ساتھیوں ، ماتحتوں اور عوام کے ساتھ مکمل رابطہ ہی ہماری کامیابی کی ضمانت ہے انہوں نے کہا کہ ہمیں تاریخ رقم کرنی ہوگی تاکہ عوام ہمیں سنہرے الفاظ میںیا د رکھیں۔

جبکہ دہشت گرداور جرائم پیشہ افرادپولیس سے خوف کھائیں۔انہوں نے کہا کہ پولیس کوعوام کی سپورٹ حاصل کر نا ہو گی عوام کے تعاون سے ہی دہشت گردی کو شکست دی جا سکتی ہے۔