|

وقتِ اشاعت :   February 12 – 2021

کوئٹہ: بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے چیف ایگزیکٹو فرمان زرکون نے کہا ہے کہ بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کو مختصر عرصے میں فعال اور منظم کر دیاہے،سرمایہ کاروں کو پہلی بار صوبے میں ایسا ماحول مل رہا ہے جس میں وہ بلا جھجک سرمایہ کاری کر سکتے ہیں۔

ون ونڈو کے تحت انہیں تمام سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بلوچستان سرمایہ کاری پالیسی کی تشکیل سے سرمایہ کاری کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور ہو جائیں گی، کاروباری طبقے اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوگا، بلوچستان پہلا صوبہ ہے جس کی اپنی سرمایہ کاری پالیسی ہو گی، انہوں نے کہا کہ اسلام آباد اور کراچی میں دفاتر کا قیام، بلوچستان انویسٹمنٹ گائیڈ اور کاروبار میں آسانی کے سیل کا قیام انقلابی اقدامات ہیں۔

جن سے صوبے میں سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہوگا، انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ جام کمال خان عالیانی کا وڑن ہے کہ صوبے کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا جائے جس کیلئے سرمایہ کاری بنیادی اہمیت کی حامل ہے۔

وزیر اعلیٰ کی بھرپور سرپرستی کے باعث بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ نے کامیابی سے اپنا سفر جاری رکھا ہے اور اس کے ثمرات بہت جلد عوام محسوس کرینگے، بڑی تعداد میں سرمایہ کار بلوچستان کا رخ کر رہے ہیں اور مختلف شعبوں میں دلچسپی کا اظہار کر رہے ہیں۔