کوئٹہ: وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان سے صوبائی وزراء میر ضیاء اللہ لانگو،حاجی محمد خان طور اتمانخیل، صوبائی مشیر حاجی محمد خان لہڑی، پارلیمانی سیکریٹریز میر سکندر عمرانی، دنیش کمار، اراکین صوبائی اسمبلی لالہ رشید بلوچ، میر نصیب اللہ مری، رکن قومی اسمبلی میر احسان ریکی اور سابق صوبائی وزیر میر مجیب الرحمٰن محمد حسنی نے یہاں ملاقات کی۔ ملاقات میں سیاسی و پارلیمانی امور، سینٹ الیکشن اور دیگر باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
صوبائی وزراء اور اراکین اسمبلی نے اپنے اپنے حلقوں کے ترقیاتی منصوبوں اورمسائل سے متعلق وزیر اعلی کو آگاہ کیا۔وزیراعلی نے کہا کہ صوبائی حکومت صوبے کی تمام اضلاع کی یکساں ترقی پر یقین رکھتی ہے۔ صوبے میں ترقی کے سفر کو تیزی سے آگے بڑھانے کے لئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ منتخب نمائندے اپنے حلقوں میں عوام سے قریبی رابطہ رکھیں۔
اور ان کے مسائل کے حل کے لئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں۔صوبائی وزراء اور اراکین اسمبلی نے اس امر کی تائید کی کہ صوبائی حکومت بلا امتیاز تمام حلقوں میں یکساں بنیادوں پر ترقیاتی اور عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر عمل پیرا ہے ۔
وزیراعلی نے کہا کہ بلوچستان کو اللہ تعالی نے بے پناہ وسائل سے نوازا ہے ہمارا مقصد جامع حکمت عملی کے تحت ایک مؤثر میکنزم مرتب کرتے ہوئے گڈ گورننس کا قیام ہے تاکہ صوبہ درست سمت کی جانب گامزن ہوتے ہوئے ترقی کے منازل طے کرسکے۔