کوئٹہ: بلوچستان سے سینیٹ انتخابات کے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا عمل آج سے شروع ہوگاجبکہ بلوچستان ہائی کورٹ کے جسٹس ہاشم کاکڑ کو سینیٹ انتخابات میں ٹربیونل جج مقرر کردیا گیا، تفصیلات کے مطابق منگل کو کوئٹہ میں الیکشن کمیشن کے دفتر میں سینیٹ انتخابات میں حصہ لینے کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کروانے والے امیدواروں کی ابتدائی فہرست آویزاں کردی گئی۔
جس کے بعد بدھ اور جمعرات کو ریٹرننگ آفیسر کی جانب سے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے بعد انہیں منظور یا مسترد کیا جائیگا ریٹرننگ آفیسر کے فیصلے کے خلاف اپیلیں الیکشن ٹربیونل میں 20فروری تک دائرکی جاسکیں گی جن کے بعد 23فروری تک ٹربیونل اپیلیں نمٹائے گادوسری جانب بلوچستان ہائی کورت کے جسٹس ہاشم کاکڑ کو سینیٹ انتخابات میں ریٹرننگ آفیسرکے فیصلوں کے خلاف دائر ہونے والی اپیلوں کی سماعت کے لئے ٹربیونل جج مقرر کردیا گیا ہے۔
جو اپیلوں پر سماعت کریں گے ۔اپیلوں پر سماعت کا مرحلہ مکمل ہونے کے بعد 24فروری کو امیدواروں کی نظر ثانی شدھ فہرست آویزاں کی جائیگی جبکہ کاغذات نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ 25فروری ہے ۔دریں اثناء بلوچستان میں سینیٹ انتخابات کے حوالے سے حکمران اتحادی جماعتوں کا 19فروری سے رابطے تیز اور امیدواروں پر مشاورت کا فیصلہ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا سلسلہ مکمل ہونے کے بعد حکومتی اتحادیوں کی بیٹھک لگے گی۔
باوثوق حکومتی ذرائع نے این این آئی کو بتایاسینیٹ انتخابات میں مشترکہ حکمت عملی بنانے کے حوالے سے اتحادی جماعتوں نے ایک دوسرے سے ابتدائی رابطے کئے ہیں جن میں یہ طے پایا ہے کہ 17اور 18فروری کو کاغذات نامزدگی کا عمل مکمل ہونے کے بعد حکومتی اتحادیوں کی بیٹھک 19فروری سے شروع ہوگی جس میں سینیٹ کے انتخابات میں امیدواروں کو حتمی شکل دی جائیگی ، ذرائع نے کہا کہ حکومتی اتحادی ارکان کی تعداد 41ہے۔
جو سینیٹ انتخابات کے لئے عدددی اعتبار سے ایک بڑی تعداد ہے حکومتی اتحادیوں کی کوشش ہے کہ ہم ملکر اپنے کھلاڑی میدان میں اتاریں اور ان کھلاڑیوں کو کیسے میدان میں اتارنا ہے اسکا فیصلہ 19فروری سے شروع کئے جانے والی مشاورت میں ہوگا ذرائع کا کہنا تھا کہ سینیٹ انتخابات کے حوالے سے بڑی اور اہم نشست میں اتحادی جماعتوں کے پارلیمانی لیڈران، صوبائی وزراء، جماعتی ذمہ داران سر جوڑ کر بیٹھیں گے۔
اور متفقہ لائحہ عمل اپنانے کی کوشش کریں گے واضح رہے کہ بلوچستان حکومت میں شامل اتحادی جماعتوں کے ارکان کی تعداد 41ہے جن میں بلوچستان عوامی پارٹی کے 24، پاکستان تحریک انصاف کے 7، عوامی نیشنل پارٹی کے 4، بی این پی (عوامی )،ہزار ڈیموکریٹک پارٹی کے دو، دو ،جمہوری وطن پارٹی ، پاکستان نیشنل پارٹی عوامی کے ایک ، ایک رکن شامل ہیں ۔