کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے سپر ہے پاکستان کے کرکٹ کپ کے تحت گوادر سٹیڈیم میں پہلی بار افتتاحی میچ کے انعقاد پر مسرت کا اظہار کیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے میچ میں شامل کھلاڑیوں اور دیگر مہمانوں کو گوادر آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ گوادر سٹیڈیم میں پاکستان کپ کا انعقاد نہایت خوش آئند ہے۔
جو گوادر کی عمومی ترقی،یہاں ہمہ جہتی سرگرمیوں کو فروغ دینے اور خاص طور سے مقامی نواجوں کی صحتمند تفریح اور کھیلوں کی سرگرمیوں سمیت کرکٹ کی ترقی میں مدد گار ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ گوادر جیسا خوبصورت کرکٹ گراؤنڈ دنیا میں کہیں نہیں ملتا۔ اسٹیڈیم کو بہت جلد انٹر نیشنل معیار کا بنانے کیلئے موثر اقدامات کئے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کھیلوں بالخصوص کرکٹ میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں۔
طویل عرصے سے بلوچستان میں کرکٹ کے بین الاقوامی میچز کا انعقاد نہیں ہوا ہے بلوچستان کے عوام کی خواہش ہے کہ وہ انٹر نیشنل کرکٹرز کو اپنے شہر میں کھیلتا دیکھیں۔ وزیراعلیٰ نے اس امر پر زور دیا کہ پی ایس ایل کے میچز میں سے ایک میچ کوئٹہ میں ہونا چاہئے حکومت میچ کے انعقاد کیلئے ہر ممکن تعاون کیلئے تیار ہے وزیراعلیٰ نے پاکستان کپ کے افتتاحی میچ میں شوبزشارکس کو میچ جیتنے پر مبارکباد دی۔