|

وقتِ اشاعت :   February 21 – 2021

ْتربت: اسسٹنٹ کمشنر تربت عقیل کریم نے لیویز تھانہ تربت میں رسالدار میجر سماعیل خالق اور انچارج لیویز تھانہ تربت اللہ بخش بلوچ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ لیویز فورس نے اطلاع ملنے پر گزشتہ شب M8 پر سامی کے قریب ٹرک اور ٹینکرز میں لوٹ مار میں مصروف مسلح افراد کے خلاف کاروائی کی، لیویز کو دیکھتے ہی ملزمان سامی میں دیدگ گچکی اور نصرت اللہ نامی افراد کے ٹھکانوں کی طرف بھاگ گئے ۔

جن کا پیچھا کیا گیا تو ملزمان اور لیویز کے درمیان دوطرفہ فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھا کر ملزمان اپنا اسلحہ اور کارتوس چھوڑ کر بھاگ گئے، اس ٹھکانے سے لیویز فورس نے 3 عدد اسلحہ، ایک وٹس گاڈی، بھاری تعداد میں کارتوس اور منشیات برآمد کی، انہوں کہا کہ دیدگ گچکی کے خلاف سامی اور نواحی علاقوں میں مسلح ہوکر چوری، ڈکیتی، رہزنی، بدمعاشی، عنڈہ گردی اور جبری ٹیکس لینے کی شکایات مل رہی تھیں۔

علاقے کے غریب لوگوں کو تنگ کرکے ان سے بھتہ وصولی، منشیات کا کاروبار سمیت وہ مختلف جرائم میں شامل رہا ہے، انہوں کہا کہ علاقے میں لوگ ان کی کارستانیوں کے سبب سخت تنگ آگئے ہیں، لیویز فورس ان کے خلاف سخت کارروائی کرے گی تاکہ علاقے میں امن و امان کی صورتحال بہتر بناسکیں۔ انہوں کہا کہ اسی دوران سامی میں سخی، کریم بخش اور پیرل نامی 3 دیگر ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔

جن کے قبضے سے پسٹل کے علاوہ منشیات برآمد ہوا، یہ لوگ علاقے میں چوری اور ڈکیتی کی کئی وارداتوں میں ملوث رہے ہیں جبکہ لیویز فورس نے کلاتْک چیک پوسٹ پر ناکہ بندی کے دوران کلاتْک میں ایک گھر سے موٹر سائیکل چوری کرکے جانے والے مسلم ولد محمد نامی ملزم کو بھی گرفتار کر لیا اور ان کے قبضے سے موٹر سائیکل برآمد کی۔