کوئٹہ: نیشنل پارٹی کے صوبائی بیان میں سریاب روڈ توسیع منصوبے کے متاثرین کے مطالبات کی حمایت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ سریاب روڈ توسیع منصوبے کے متاثرہ تاجروں اور رہائشی املاک کو مارکیٹ ریٹ کے مطابق معاوضہ دیا جائے۔
تاکہ متاثرین اپنا نیا کاروبار اور املاک تعمیر کرسکیں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومت کا کام عوام کو ریلیف فراہم کرناہے ،حکومت کی جانب سے روڈ کٹنگ کے متاثرین کو جو معاوضہ فراہم کیا جارہاہے وہ انتہائی کم ہے جس سے متاثرین نہ تونئی دکان اور نہ ہی مکان خرید سکتے ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومت روڈ کٹنگ میں آنے والی دکانوں اور گھروں کو گھرانے سے پہلے متاثرین کو مارکیٹ ریٹ کے مطابق معاوضے کی فراہمی کو یقینی بنائے تاکہ لوگ اپنا کسی دوسری جگہ پر بندوبست کرسکیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ نیشنل پارٹی سریاب روڈ کٹنگ کے متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے اورانکے حقوق کیلئے ہر فورم پر آوازبلند کریگی۔