|

وقتِ اشاعت :   March 17 – 2021

کوئٹہ: ترجمان حکومت بلوچستان لیاقت شاہوانی نے کہا ہے کہ حکومت گرانے کیلئے نکلنے والے خود اختلافات کا شکار ہوگئے، اپوزیشن جماعتیں نظریاتی نہیں مفادات کی جنگ لڑرہی تھیں۔

بلوچستان میں کورونا کے کیسز کی شرح 3 فیصد تک پہنچ چکی ہے۔یہ بات انہوں نے بد ھ کو آفیسرز کلب کوئٹہ میں پریس کا نفر نس کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے پہلے ہی کہا تھاکہ اپوزیشن سیاسی جماعتیں مفادات کیلئے اکٹھاہوئی ہیں یہ نظریاتی نہیں بلکہ مفادات کی جنگ لڑرہی تھیں، یہ بھی کہا تھا کہ لانگ مارچ نہیں ہوگا اور ہوا تو ناکامی سے دوچار ہوگا، اب پیپلزپارٹی کے استعفیٰ نہ دینے کے معاملے کو جواز بناکر لانگ مارچ موخرکیا گیا۔

ترجمان حکومت بلوچستان کا کہنا تھا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں مستحکم ہیں اور اپنی مدت پوری کریں گی صوبے میں کورونا کی صورتحال کے حوالے سے لیاقت شاہوانی کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں کوروناکے141 کیسزایکٹو ہیں اور شرح 3 فیصد تک پہنچ چکی ہے۔

دیگر صوبوں اور شہروں سے آمد و رفت کے باعث کیسز میں اضافہ ہوسکتا ہے، این سی او سی نے تجارتی مراکز میں ایس او پیز پرعملدرآمد کیلئے کہا ہے، ان کا کہناتھا کہ ہیلتھ کیئر ورکرزاور 60 سال سے زائد عمر کے افراد کی ویکسینیشن کاسلسلہ جاری ہے،مزید ویکسین کیلئے این سی او سی کو لکھاہے،15 ہزارسائینو فام ویکسین پہنچ رہی ہے۔