عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے بھارت میں کورونا کی صورتحال گھمبیر قرار دے دی، برطانیہ کی جانب سے 100 وینٹی لیٹرز، 95 آکسیجن سلنڈرز اور ضروری ادویات پر مشتمل امداد کی پہلی کھیپ بھارت پہنچ گئی ہے۔
بھارت میں مسلسل چھٹے روز کورونا وائرس کے تین لاکھ سے زائد نئے متاثرین رپورٹ ہوئے ہیں، بیشتر اسپتالوں میں مریضوں کی گنجائش ختم اور آکسیجن کی کمی کا سامنا ہے، کورونا بحران پر قابو پانے کیلئے حکومت نے فوج سے مدد مانگ لی ہے۔
بھارت میں 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 3 لاکھ 23 ہزار کیسز اور 2ہزار 771 اموات رپورٹ ہوئیں، کورونا وباء کے پھیلاؤ کے پیش نظر آسٹریلیا نے بھارت کی پروازوں پر 15 مئی تک پابندی لگا دی ہے۔
تھائی لینڈ، سنگاپور، بنگلا دیش اور برطانیہ پہلے ہی بھارت پر سفری پابندیاں لگا چکے ہیں۔
تباہ کن صورتحال پر قابو پانے کیلئے بھارتی حکومت نے فوج سے مدد مانگی ہے۔
بھارتی چیف آف ڈیفینس اسٹاف بپن راوت نے کہا ہے کہ مسلح افواج کی ذخیرہ آکسیجن ملک بھر میں فراہم کی جائے گی جبکہ فوج کے ریٹائرڈ ڈاکٹرز بھی طبی عملے کی مدد کو پہنچیں گے۔