پڑوسی ملک بھارت اس وقت کورونا کی دوسری لہر کے دوران بدترین حالات کا شکار ہے اور وہاں گزشتہ دو ہفتوں سے یومیہ 2 سے ساڑھے تین ہزار افراد وبا کے باعث ہلاک ہو رہے ہیں۔
بھارت میں کورونا سےآغاز سے 6 مئی تک سب سے زیادہ ہلاکتیں 6 مئی کو ریکارڈ کی گئیں اور وہاں پہلی بار 3 ہزار 980 افراد کورونا کے باعث ہلاک ہوگئے۔
ریکارڈ ترین ہلاکتوں کے بعد بھارت میں مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 2 لاکھ 30 ہزار 168 تک جا پہنچی جب کہ 6 مئی کو مزید 4 لاکھ 12 ہزار 262 افراد کے کورونا سے متاثر ہونے کے بعد وہاں متاثرین کی تعداد 2 کروڑ 10 لاکھ 77 ہزار 410 تک جا پہنچی۔
کورونا کی دوسری لہر کے دوران بھارت میں جہاں عام افراد وبا سے غیر محفوظ ہیں، وہیں سیاسی، سماجی و شوبز شخصیات بھی بڑی تیزی سے اس کا شکار بن رہی ہیں اور وہاں گزشتہ دو ہفتوں کے دوران 16 اداکار کورونا کے باعث چل بسے۔
بھارتی اخبار انڈین ایکسپریس کی دو مختلف رپورٹس کے مطابق 6 مئی کو کورونا کے باعث ہندی، تامل اور تیلگو فلموں کی اداکارہ شری پرادا سمیت تامل اور تیلگو فلموں کے اداکار پانڈو چل بسے۔
رپورٹ کے مطابق تیلگو اور تامل فلموں کے کامیڈین پانڈو کی کورونا کی وجہ سے طبیعت کافی خراب ہوگئی تھی، جس وجہ سے انہیں ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ 6 مئی کو چل بسے۔
پانڈو کی عمر 74 برس تھی اور انہوں نے سب سے زیادہ تامل فلموں میں کام کیا اور وہ جنوبی ہندوستانی فلم انڈسٹری کے جانے پہچانے اداکار تھے۔