قندھار: افغانستان کے صوبے قندھارمیں ہونے والے دھماکے کے باعث گورنر کے سیکریٹری اور سیکیورٹی گارڈ جاں بحق ہو گئے ہیں جب کہ ایک سیکیورٹی گارڈ زخمی ہوا ہے جسے طبی امداد کے لیے فوری طور پر استپال منتقل کردیا گیا ہے۔افغانستان کے مؤقر نشریاتی ادارے طلوع نیوز کے مطابق قندھار میں دوپہر دو بجکر 15 منٹ پر آئی ای ڈی میگنیٹک دھماکہ ہوا تھا۔
ابتدائی رپورٹ کے مطابق دھماکہ اس وقت ہوا جب گورنر قندھار کے دفتر میں کمپاؤنڈ میں واقع پارکنگ ایریا میں سیکریٹری منصور احمد نے داخل ہو کر اپنی گاڑی میں بیٹھنے کی کوشش کی۔نشریاتی ادارے کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں گورنر قندھار کے سیکریٹری منصور احمد اورایک سیکیورٹی گارڈ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جب کہ ایک سیکیورٹی گارڑ زخمی ہوا ہے۔ زخمی گارڈ کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
دھماکے کی اطلاع ملتے ہی علاقہ پولیس، امدادی رضا کار اور دیگر متعلقہ اداروں کے اہلکار جائے وقوع پر پہنچ گئے اور انہوں نے امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیتے ہوئے ثبوت و شواہد اکھٹے کرنے شروع کردیے ہیں۔
افغانستان کے نشریاتی ادارے کے مطابق تاحال افغان طالبان سمیت کسی بھی گروپ نے ہونے والے دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔