جے پور:بھارت کی دو ریاستوں میں آسمانی بجلی گرنے کے واقعات میں مجموعی طور پر 38 افراد ہلاک ہوگئے جن میں سے 11 افراد راجستھان کے تاریخی قلعے کی فصیل پر سیلفی لینے کے دوران بجلی گرنے سے ہلاک ہوئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست راجستھان کے شہر جے پور میں بارش میں سیلفی لینے کے دوران بجلی گرنے سے 11 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے، حکام کا کہنا ہے کہ 27 کے قریب افراد جے پور کے امر قلعہ کی سیر کے دوران مینار اور دیوار پر کھڑے ہوکر سلفیاں بنارہے تھے، اسی دوران ان پر بجلی گری اور متعدد افراد نے نیچے چھلانگ لگا دی۔
اسی طرح آسمانی بجلی گرنے کے ایک اور واقعے میں 9 افراد ہلاک اور 11 زخمی ہوگئے ۔ بھارتی میڈیا کے مطابق متعدد افراد کی حالت تشویشناک ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافہ کا خدشہ ہے۔
ادھر بھارتی ریاست اتر پردیش میں بھی بجلی گرنے کے ایک واقعے میں 18 افراد ہلاک ہوگئے۔ ہلاک ہونے والوں میں زیادہ تر مزدور تھے جو ایک بلند عمارت پر تعمیراتی کام کر رہے تھے۔
دونوں ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ نے ہلاک ہونے والوں کے لواحقین کے لیے فی کس 5 لاکھ روپے امدادی رقم کا اعلان کیا ہے۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ دو روز تک آسمانی بجلی گرنے کے واقعات رونما ہوسکتے ہیں۔