اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ بلوچستان میں اٹھارہ نئے پاسپورٹس آفسز کا قیام عمل میں لایا جائے گا ، میرانی ڈیم کے متاثرین میں ڈیڑھ ارب روپے تقسیم کئے جاچکے ہیں ، گوادر بندرگاہ کو مکمل طور پر فعال کیاجائے گا ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزارت خزانہ میں ایک اجلاس کے دوران کیا اجلاس میں وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالمالک کے علاوہ وزارت خزانہ ، منصوبہ بندی اور ایف بی آر کے اعلیٰ اہلکار بھی موجود تھے ۔ اجلاس میں وزیر خزانہ کو بتایا گیا کہ میرانی ڈیم کے متاثرین میں ڈیڑھ ارب روپے کی رقم تقسیم کی جاچکی ہے اور متاثرین کی بحالی کا پیکج کو دوبارہ ازسرنو ترتیب دیاجائے گا ۔ اس موقع پر وزیر خزانہ کو بتایا گیا کہ بلوچستان میں اٹھارہ جدید پاسپورٹس آفسز کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے تاکہ بلوچستان کے عوام کو سہولیات فراہم کی جاسکیں اس سلسلے میں وزارت منصوبہ بندی نے منصوبے پی سی ون کا ابتدائی رپورٹ تیار کرکے ایکنک کو منظوری کیلئے ارسال کردیا ہے چیئرمین ایف بی آر نے بتایا کہ بلوچستان میں کسٹم چیک پوسٹ مکمل طور پر فعال ہیں اور نئے چیک پوسٹوں کے قیام کیلئے صوبائی حکومتوں کے ساتھ بات چیت جاری ہے اور ان کی منظوری کے بعد بنائے جائینگے اجلاس میں گوادر پورٹ کو مکمل طور پر فعال کرنے کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالمالک نے وفاقی حکومت کا بلوچستان کے مسائل حل کرنے میں دلچسپی لینے پر شکریہ ادا کیا