|

وقتِ اشاعت :   April 11 – 2015

اسلام آباد: منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار ماڈل ایان علی کے جوڈیشل ریمانڈ میں 24 اپریل تک توسیع کردی گئی ہے۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر کسٹم حکام کو چالان پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔ منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار سپر ماڈل ایان علی کو 14روز جوڈیشل ریمانڈ پورا ہونے پر راولپنڈی کی کسٹم عدالت کے جج چوہدری ممتاز حسین کے روبرو پیش کیا گیا۔ کسٹم حکام کی جانب سے پیش کی گئی رپورٹ میں ان کا کہنا تھا کہ ایان علی کی جانب سے تفتیش میں کسی قسم کا تعاون نہیں کیا جا رہا۔ دوران سماعت کسٹم حکام نے عدالت سے استدعا کی کہ ملزمہ کے خلاف چالان پیش کرنے کے لیے مزید مہلت دی جائے۔ عدالت نے کسٹم حکام کی استدعا منظور کرتے ہوئے آئندہ سماعت تک چالان پیش کرنے کا حکم دے دیا اورماڈل ایان علی کے جوڈٰیشل ریمانڈ میں توسیع کرتے ہوئے کیس کی سماعت 24 اپریل تک ملتوی کردی۔ عدالت نے کسٹم حکام کوچالان کی تمام ضروری کارروائی بھی مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ماڈل ایان علی کو 5لاکھ ڈالر بیرون ملک اسمگل کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔