کوئٹہ: پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات سردار سربلند خان جوگیزئی نے کہاہے کہ بلوچستان سمیت ملک بھر میں پیپلز پارٹی کی مقبولیت اور عوامی پذیرائی میں اضافہ ہورہا ہے پارٹی میں اہم شمولیتوں سے یہ بات واضح ہے کہ عوام پیپلز پارٹی کے ساتھ ہے آئندہ عام انتخابات میں ملک بھر اوربلخصوص بلوچستان میں پیپلز پارٹی کی حکومت ہوگی۔
یہ بات انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہی، سردار سربلند جوگیزئی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی میں سابق وزیراعلیٰ نواب ثناء اللہ زہری، لیفٹیننٹ جنرل(ر) عبدالقادر بلوچ اور انکے ساتھیوں کی شمولیت خوش آئندہے صوبے کی اہم سیاسی و قبائلی شخصیات کی پارٹی میں شمولیت سے پارٹی مضبوط اور مستحکم ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نوجوانوں سمیت پور ی قوم کے لیڈر ہیں آئندہ عام انتخابات میں چاروں صوبوں اور وفاق میں پیپلز پارٹی کی حکومت ہوگی اور بلاول بھٹو زرداری وزیر اعظم ہوںگے انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کے گزشتہ روز کے اجلاس کے بعد پی ڈی ایم قیادت بھی پیپلز پارٹی کے بیانییے پر چلنے پر آمادہ ہوئی ہے۔
جو کہ خوش آئندہے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی عوامی مفادات اور مسائل کے حل کے لئے ہر فورم پر کھڑی ہونے اور جدوجہد کے لئے تیار ہے مگر ہم نے واضح کردیا ہے کہ ہم کسی کے ذاتی ایجنڈے کا حصہ نہیں بنیں گے انہوں نے کہا کہ حکومت کی نااہلی کی وجہ سے آج ملک مسائل میں گھرا ہوا ہے پیپلز پارٹی برسراقتدار آکر عوامی مسائل کو حل اور ملک کو ترقی کی راہ پرگامزن کریگی ۔