افریقی ملک مالی کے سابق وزیراعظم بوبہ مائیگا کو کرپشن کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا۔ بوبہ مائیگا کو سابق صدر ابراہیم ابوبکر کیٹا کے دور حکومت میں طیارے کی خریداری میں کردار ادا کرنے پر گرفتار کیا گیا ہے تاہم گرفتاری کی صحیح وجہ واضح نہیں ہو سکی ہے۔
بوبہ مائیگا کے وکیل کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم کی گرفتاری 2014 میں 40 ملین امریکی ڈالر میں خریدے گئے ایک طیارے سے منسلک ہے تاہم انہوں نے اس حوالے سے مزید معلومات فراہم نہیں کیں۔
رپورٹس کے مطابق ناقدین نے طیارے کی خریداری کے لیے زیادہ رقم کی ادائیگی کا الزام عائد کیا تھا جس کی وجہ سے جنم لینے والے کرپشن اسکینڈل نے ناصرف ابراہیم کیٹا کی صدارت کو نقصان پہنچایا بلکہ قرض دہندگان بھی خوف کا شکار ہو گئے تھے۔
واضح رہے کہ بوبہ مائیگا 2017 سے 2019 تک مالی کے وزیراعظم کی حیثیت سے فرائض انجام دے چکے ہیں۔
خیال رہے کہ مالی میں کرپشن اور بدترین سکیورٹی صورت حال کے خلاف مظاہروں کے بعد فوج نے حکومت کا تختہ الٹ دیا تھا اور صدر ابراہیم ابوبکر عہدے سے مستعفی ہو گئے تھے۔