ایک طالبان عہدے دار کا کہنا ہے کہ افغانستان کے دارالحکومت کابل کے ایئر پورٹ کا مکمل کنٹرول سنبھالنے کے لیے امریکیوں کے حتمی اشارے کے منتظر ہیں۔یہ بات مذکورہ طالبان عہدے دار نے غیر ملکی خبر رساں ایجنسی سے بات کرتے ہوئے کہی ہے۔
طالبان عہدے دار کا مزید کہنا ہے کہ طالبان اور امریکی فورسز کابل ایئر پورٹ کے کنٹرول کی فوری حوالگی کا ارادہ رکھتے ہیں۔
طالبان عہدے دار کا یہ بھی کہنا ہے کہ طالبان کی تکنیکی ٹیم اور انجینئرز ایئر پورٹ کا کنٹرول سنبھالنے کے لیے تیار ہیں۔
اس سے قبل مغربی سیکیورٹی عہدے دار کا اس حوالے سے بیان سامنے آیا تھا جس میں اس نے کہا تھا کہ کابل ایئر پورٹ پر امریکی فورسز کا انخلاء حتمی مرحلے میں داخل ہو گیا ہے۔
مغربی سیکیورٹی عہدے دار کا کہنا تھا کہ کابل ایئر پورٹ کے اندر موجود ایک ہزار افراد اب بھی انخلاء کے منتظر ہیں۔
مغربی سیکیورٹی عہدے دار نے یہ بھی بتایا تھا کہ دہشت گرد حملے کی نئی وارننگ کے بعد کابل ایئر پورٹ کے باہر لوگوں کا ہجوم کم ہو گیا ہے۔