کوئٹہ:وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان نے یوم دفاع کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان کی تابناک تاریخ میں 6 ستمبر کا دن ہماری بہادر مسلح افواج کی جرائت اور ایثار و قربانی کے بے مثال جذبے کی علامت کے طور پر منایا جاتا ہے۔یوم دفاع پاکستان افواج پاکستان اور قوم کے جذبے اور بہادر ی کی یاد دلاتا ہے۔
آج پوری قوم وطن کے دفاع کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو سلام پیش کرتی ہے۔ وزیراعلی نے کہا کہ 56 سال قبل اس دن ہماری پاک فوج کے افسران، سپاہیوں، بحریہ کے جوانوں اور فضائیہ کے شاہینوں نے غیور پاکستانی قوم کے شانہ بشانہ دنیا پر ثابت کیا کہ وہ ہر قیمت پر مادر وطن کے چپے چپے کے دفاع کیلئے ہمہ وقت تیار رہتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا ازلی دشمن آج بھی ہمارے خلاف جارحانہ عزائم رکھتا ہے، پاک افواج دشمن کی جانب سے کسی بھی قسم کی جارحیت اور مہم جوئی کا بھرپور جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں، دشمن ہمیشہ پاکستانی قوم کے جذبے اور پاک افواج کے عزم و مہارت کے حوالے سے غلط فہمی کا شکار رہا ہے، دشمن نے جب بھی جارحیت کی پاک افواج نے منہ توڑ جواب دیا ہے۔
وزیراعلی جام کمال خان نے کہا کہ نہ صرف پاک فضائیہ کے سپوتوں نے 1965 میں دشمن کے ساتھ پیش آنے والے فضائی معرکے میں بہادری کی نئی داستان رقم کی اور ملک و قوم کا وقار بلند کیا بلکہ 27 فروری 2019 کو بھی پاک فضائیہ کے شاہینوں نے بھارت کے دو جنگی جہاز گرا کر نہ صرف قوم کا مورال اور سر فخر سے بلند کیا بلکہ دنیا کو بتادیا کہ پاک فضائیہ دنیا کی بہترین فضائی فورس یے، قوم پاک فضائیہ کا شکریہ ادا کرتی ہے۔
وزیراعلی جام کمال خان نے کہا ہے کہ ہماری افواج کی پیشہ ورانہ مہارت، جنگی تیاری اور جذبہ ایمانی نے آج پاکستان کو ناقابل تسخیر بنا دیا۔ انہوں نے کہا کہ قوم پاکستان کی ترقی، امن اور سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے 1965 کی طرح آج بھی متحد اور اپنی سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے.
وزیراعلی نے کہا کہ ہمیں دفاع وطن کے تمام شہداء اور غازیوں کے عزم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے آج اس عزم کا اعادہ کرنا ہوگا کہ ہم اپنے ملک کی دفاع کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان نے مودی سرکار کی جانب سے مرحوم سینئر و بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی کے جسد خاکی کو تحویل میں لینے، ان کے اہل خانہ کو تدفین میں شرکت کی اجازت نہ دینے اور پھر ان کے لواحقین پر مقدمہ کے اندراج کو شرمناک عمل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ آج پوری پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ہماری بھرپور سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت ان کے ساتھ ہے، بھارت اب جبر کے ذریعے کشمیریوں کی تحریک آزادی کو مزید دبا نہیں سکتا۔
وزیراعلی نے کہا کہ 6 ستمبر ہمارے لئے اللہ تعالی کا شکر ادا کرنے کا دن بھی ہے ہمیں اللہ تعالی سے دعا کرنی چاہیے کہ وہ ہمیں اپنی پاک سرزمین کی حفاظت کرنے کی ہمت اور قوت عطا کرے۔