مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج کی جانب سے سینیئر حریت رہنما سید علی گیلانی کے انتقال پر احتجاجی مارچ کو روکنے کیلئے سری نگر میں پانچویں روز بھی کرفیو برقرار ہے۔
کشمیر میڈیا کے مطابق سری نگر میں مارچ کی کال کُل جماعتی حریت کانفرنس نے دی ہے جو بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی کی دوران حراست موت کے خلاف 5 روزہ احتجاجی پروگرام کا حصہ ہے۔
کشمیر میڈیا نے بتایا کہ شہدائے کشمیر کی فاتحہ خوانی کیلئے عیدگاہ سری نگر کی طرف مارچ کو روکنے کیلئے پانچویں روز بھی سخت کرفیو نافذ ہے۔
کشمیر میڈیا کے مطابق مقبوضہ وادی میں ہزاروں بھارتی فوجی تعینات ہیں جبکہ حیدرپورہ کی طرف جانے والی تمام سڑکوں کو خاردار تاروں سے بند کر دیا گیا ہے، موبائل اور انٹرنیٹ سروسز بھی معطل ہیں۔
خیال رہے کہ یکم ستمبر کو سینیئر حریت پسند کشمیری رہنما سید علی گیلانی انتقال کرگئے تھے، اسی شب بھارتی فوج نے ان کا جسد خاکی ان کے گھر سے قبضے میں لیا تھا اور پھر ان کی وصیت کے بر خلاف تدفین کردی تھی۔