|

وقتِ اشاعت :   September 7 – 2021

افغانستان کے صوبہ پنجشیر میں طالبان سے جھڑپ میں قومی مزاحمتی محاذ افغانستان (این آر ایف اے)کے کمانڈر جنرل عبدالودود زرہ اور ترجمان فہیم دشتی کے مارے جانے کی تصدیق ہوگئی۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق کمانڈر جنرل عبدالودود زرہ اور ترجمان فہیم دشتی کے مارے جانے کی تصدیق  مزاحمتی محاذ کی جانب سے کی گئی ہے۔

افغان مزاحمتی محاذ کا کہنا ہے کہ اہم ارکان کے مارے جانے کے باوجود لڑائی جاری رکھنے کے لیے  ان کے اہلکار اب بھی اسٹریٹجک پوزیشنز پر موجود ہیں اور مزاحمت جاری رکھیں گے۔

 اس سے قبل افغان میڈیا رپورٹس میں بھی وادی پنجشیر میں طالبان سے جھڑپ میں مزاحمتی فورس کے ترجمان فہیم دشتی  سمیت مزاحمتی فورس کے دیگر اہم کمانڈرزکے مارے جانے کی اطلاع دی گئی تھی۔

خیال رہے کہ گزشتہ کئی روز سے پنجشیر میں طالبان اور مزاحمتی فورس کے درمیان جنگ جاری ہے جبکہ طالبان کی جانب سے صوبے کے تمام اضلاع پر کنٹرول کا دعویٰ کیا جاچکا ہے۔

طالبان نے پنجشیر پر قبضے کا دعویٰ کرتے ہوئے تصاویر اور ویڈیو جاری کی تھیں اور کہا گیا تھا کہ قومی مزاحمتی محاذ کے سربراہ احمد مسعود  کے ٹھکانے کا علم نہیں ہو سکا۔

 دوسری جانب طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے دعویٰ کیاتھا کہ  احمد مسعود اور سابق نائب صدر امر اللہ صالح تاجکستان فرار ہو گئے ہیں لیکن احمد مسعود نے اس کی تردید کی ہے۔