کوئٹہ: بی ایس او کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات بالاچ قادر نے اپنے ایک اخباری بیان میں کہا ہے کہ جان محمد بلوچ کا تبادلہ منسوخ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جان بلوچ برطانیہ، ملائشیا اور جمہوریہ چیک سے تعلیم یافتہ اور کئی ممالک سے میڈیا میں فیلوشپ حاصل کرنے والا نوجوان پی ایچ ڈی اسکالر ہیں۔ اپنے بیان میں بالاچ قادر نے کہا کہ جان محمد بلوچ کو اسی سال جون میں پی ٹی وی کوئٹہ مرکز میں بطور ہیڈ آف کرنٹ افئیرز تعنیات کیا گیا جو کہ پورے پی ٹی وی میں واحد بلوچ ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ تھا۔
اس تینماہ کے انتہائی مختصر دورانیہ میں محدود وسائل کے باوجود جان بلوچ نے اپنے تمام تر صلاحتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے کرنٹ افیرز کوئٹہ کی شکل تبدیل کی، اور کوئٹہ مرکز سے نئے پروگرام شروع کئے اور سکرین کو خوبصورت بنانے کیلئے منفرد اور خوبصورت سیٹ ڈیزائن کئے، نئے چہرے اور ہر طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے لوگوں کو اسکرین پر بھرپور موقع فراہم کیا اور بلوچستان کے علاقائی مسائل کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ بلوچستان کی خوبصورتی، تاریخی ورثہ، ثقافت اور ترقیاتی منصوبوں سے متعلق دستاویزی فلم پیش کیے۔ وفاقی وزیر اطلاعات کی ہدایات کی روشنی میں پروگرامز کی معیار اور ایچ ڈی کوالٹی کو یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے اور اس سلسلے میں پی ٹی وی کیلئے ایچ ڈی آلات کا انتظام کیا۔ پی ٹی بولان میں آئے روز کی کرپشن اور بے ضابطگیوں کو روکا جس پر کرپٹ مافیا جان بلوچ کی دشمن بن گئی۔
گزشتہ دنوں جان بلوچ کو نہ صرف بطور ہیڈ آف کرنٹ افیرز کے عہدے سے ہٹایا گیا بلکہ انہیں صوبہ بدر کرکے کراچی تبادلہ کیا گیا اور ایک ایسے نا اہل شخص کو بٹھایا گیا جسے پروڈکشن کے ا ب کا پتہ نہیں۔ جان بلوچ کا تبادلہ وفاق کی بلوچ اور بلوچستان کے ساتھ نا انصافیوں کا طویل تسلسل ہے۔ ہم بلوچ اور بلوچستان کے پارلیمنٹرین سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اس ناانصافی کے خلاف آواز بلند کریں، اور جان بلوچ کی تبادلہ منسوخ کروائیں۔