|

وقتِ اشاعت :   September 21 – 2021

جسٹن ٹروڈو کا تیسری بار وزیراعظم بننے کا واضح امکان ہے، کینیڈا عام انتخابات 2021 میں وٹوں کی گنتی جاری ہے۔حکمراں جماعت لبرلز کی ایک بار پھر اقلیتی حکومت بنانے کے لیے تیار ہے، جسٹن ٹروڈو کی لبرل پارٹی 155 نشستوں کےساتھ پہلے نمبر پر موجود ہے۔

انتخابات میں کنزرویٹوپارٹی 121 نشستوں کے ساتھ دوسرے نمبر پرجبکہ حکومت بنانے والی جماعت کو 170نشستیں حاصل کرنا ہوں گی۔

یاد رہے کہ کینیڈین ایوان میں 338 نشستیں ہیں۔ دوسری جانب کینیڈا کی اہم اپوزیشن پارٹی کنزرویٹو نے شکست تسلیم کرلی ہے۔

کینیڈا میں الیکشن دو سال بعد ہونے تھے مگر جسٹن ٹروڈو کے اعلان کے بعد 20 ستمبر کو قبل از وقت الیکشن منعقد کیے گئے۔ جسٹن ٹروڈو نے حکومت میں عددی برتری حاصل کرنے کیلئے ملک میں قبل ازوقت الیکشن کروانے کا اعلان کیا تھا۔

جسٹن ٹروڈو ، جن کی لبرل پارٹی نے 2015 میں اکثریت حاصل کی تھی لیکن 2019 کے الیکشن میں انہوں نے 157 نشستیں جیت کر اتحادی حکومت بنائی تھی ،اب وہ امید کررہے ہیں کہ وہ اس الیکشن میں اکثریت واپس حاصل کرلیں گے۔