کابل: طالبان نے امریکا کو خبردار کیا ہے کہ افغانستان کی فضائی حدود میں ڈرون پروازیں بند کرے ورنہ اسے نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق طالبان نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا کہ افغانستان میں امریکی انخلا کے باوجود بدستور اس کی ڈرون پروازیں جاری ہیں جو نہ صرف تمام بین الاقوامی حقوق اور قوانین بلکہ قطر کے دارالحکومت دوحہ میں طالبان سے کیے گئے وعدوں کی بھی خلاف ورزی ہیں۔
طالبان حکومت امارت اسلامیہ افغانستان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ ہم امریکا سمیت تمام ممالک پر زور دیتے ہیں کہ افغانستان کے ساتھ بین الاقوامی قوانین، حقوق اور وعدوں کے تحت برتاؤ کیا جائے، تاکہ انہیں کسی بھی منفی نتائج کا سامنا نہ کرنا پڑے۔امریکی حکام نے تاحال طالبان کے اس بیان پر کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا ہے۔ گزشتہ روز امریکی فوج کے چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف جنرل مارک ملی نے کہا ہے کہ افغانستان سے انخلا نے امریکا کی ساکھ کو بہت نقصان پہنچایا ہے۔
واضح رہے کہ طالبان گزشتہ ماہ افغانستان میں دوبارہ برسراقتدار آئے ہیں۔ امریکا نے نائن الیون 11 ستمبر 2001ء میں ورلڈ ٹریڈ حملے کے بعد اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کر افغانستان پر حملہ کرکے طالبان کی حکومت کا تختہ الٹ دیا تھا۔ گزشتہ ماہ افغانستان سے تقریبا 20 سال بعد عالمی افواج کا انخلا مکمل ہوا ہے۔