|

وقتِ اشاعت :   October 1 – 2021

جنوب مشرقی افریقہ کے ملک ملاوی میں ایک سابق ڈپٹی اسپیکر نے پارلیمنٹ کے اندر پستول سے خودکشی کرلی ہے۔کلیمنٹ چیویا جمعرات کو عمارت میں گئے تھےتاکہ دو سال قبل دفتر چھوڑتے وقت ملنے والی گاڑی کے اخراجات کے متعلق بات چیت کر سکیں۔

پارلیمنٹ کی طرف جاری ایک بیان میں بتایا گیا کہ’سابق ڈپٹی اسپیکر نے پارلیمنٹ کی عمارت میں خودکشی کی ہے‘۔

پچاس سالہ چیویا نے 2019 میں اپنی پانچ سالہ مدت کے اختتام پر اپنی سرکاری گاڑی خریدی تھی۔ لیکن انہوں نے چھ ماہ بعد پیش آنے والے حادثے میں ہونے والے نقصانات کی ادائیگی کے لئے پارلیمنٹ سے رجوع کیا تھا۔

پارلیمنٹ کا کہنا ہے کہ حادثے کے وقت گاڑی کی انشورنس ختم ہوچکی تھی۔

پولیس ترجمان جیمز کڈزیرا نے جمعرات کو پیش آنے والے واقعہ کی تصدیق کی لیکن فی الحال مکمل تفصیل فراہم کرنے سے گریز کیا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ سابق ڈپٹی اسپیکر معذور ہوچکے تھے اور وہ وہیل چیئر پر پارلیمنٹ آئے اس لیے ان کی سیکیورٹی چیکنگ زیادہ سخت نہیں کی گئی۔ اس واقعے کے بعد پارلیمنٹ میں آنے والے تمام افراد کی چیکنگ سخت کر دی گئی ہے۔