|

وقتِ اشاعت :   October 4 – 2021

قومی ائیر لائن پی آئی اے نے کویت آپریشن کا دوبارہ آغاز کردیا۔پاکستانی جہازوں اور پائلٹس پر کویت نے خود ساختہ پابندی لگا رکھی تھی جس کے باعث قومی ائیرلائن کویت نہیں جا سکتی تھی جب کہ کویتی ائیرلائن آزادانہ پاکستان پرواز کررہی تھی۔

پی آئی اے کی جانب سے یہ معاملہ پہلے سفارتی سطحوں پر اٹھایا گیا مگر اجازت نا ملی تو پی آئی اے سے استحصالی رویے کی نشاندہی پر وزیر ہوابازی غلام سرور خان نے کویت ائیرلائن کو بھی روکنے کا حکم صادر کردیا۔

حکومتِ پاکستان اور سول ایوی ایشن کے دباؤ پر قومی ائیرلائن کو اب کویت آپریشن کی اجازت مل گئی ہے جس کا آغاز پی آئی اے ہفتہ وار دو پروازوں سے کررہی ہے۔

چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) پی آئی اے ائیر مارشل ارشد ملک نے وزیر ہوابازی، سیکرٹری ایوی ایشن اور سول ایوی ایشن حکام کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔

ارشد ملک نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا کہ وزارت خارجہ، کویت میں پاکستانی سفیر اور پاکستان میں کویتی سفیر کی خصوصی کاوشوں سے آپریشن ترتیب دینے میں مدد ملی۔

انہوں نے کہا کہ پی آئی اے پوری جانفشانی سے پاکستانیوں کی مدد اور خدمت میں مشغول رہے گی۔