امریکا میں جوہری انجینیئر اور اس کی اہلیہ کو جوہری آبدوزوں سے متعلق خفیہ معلومات دوسرے ملک کو فروخت کرنے کی کوشش کرتے ہوئے گرفتار کرلیا گیا ہے۔امریکی ایف بی آئی حکام کے مطابق انہوں نے ایف بی آئی ایجنٹ کو غیر ملکی نمائندہ بنا کر جوڑے کے پاس بھیجا، جو اسے انتہائی حساس معلومات دینے کے لیے تیار ہو گئے۔
امریکی محکمہ انصاف کی رپورٹ کے مطابق ٹوئبے نامی شہری بحریہ کے محکمے میں ملازم ہے، جہاں وہ نیول نیوکلیئر پروپلسن پروگرام میں جوہری انجینیئر کے طورپر خدمات انجام دے رہے تھے۔ انہیں خفیہ سکیورٹی کلیئرنس کے تحت انتہائی خفیہ اطلاعات تک رسائی تھی۔اس منصوبہ کو ناکام بنانے میں ایف بی آئی، محکمہ انصاف کے وکلا، بحریہ کی مجرمانہ سرگرمیوں کی تفتیش کرنے والی ایجنسی اور محکمہ توانائی نے کافی اہم کردار ادا کیا۔
محکمہ انصاف نے بتایا کہ ٹوئبے نے حساس معلومات میموری کارڈ میں منتقل کرکے اسے سینڈوچ میں رکھ کر ایجنٹ تک پہنچایا۔
جس کے لیے اسے کرپٹو کرنسی میں 20 ہزار ڈالر کی رقم ادا کی گئی۔ جبکہ دوسری بار اس نے یہ کام چیونگم میں چھپا کر کیا اور 70ہزار ڈالر حاصل کیے۔