|

وقتِ اشاعت :   October 17 – 2021

سعودی حکومت نےمکہ مکرمہ میں مسجد الحرام کو نمازیوں کے لیے مکمل طور پر کھول دیا۔کورونا  کی صورتحال میں بہتری کے  بعد مسجد الحرام کی رونقیں بحال ہونے لگیں ۔ مسجد الحرام کو نمازیوں اور زائرین کے لیے صبح فجر سے معمول کے مطابق کھول دیا گیا ہے۔

سعودی حکومت کے مطابق ویکسین کی دونوں خوراکیں لینے والے افراد حرمین شریفین میں داخل ہو سکتے ہیں۔زائرین  کے لیے حرمین شریفین میں ماسک پہننا اور عمرہ ٹریکنگ ایپ کا استعمال لازمی قراردیا گیا ہے۔ خدمت پر مامور کارکنوں اور ‏‏زائرین کو ہر وقت چہرے پر ماسک لازمی ہوگا۔

عبادات کےدوران سماجی فاصلے کی پابندی بھی ختم  کر دی گئی ہے ۔ نمازیوں کو  نماز  کے لیے بغیر سماجی فاصلے  کے صف بندی کی اجازت ہوگی۔ تقریباً ایک سال بعد خانہ کعبہ کے گرد کھڑی کی جانے والی رکاوٹوں کو بھی ہٹا دیا گیا ہے۔

نئے احکامات کے بعد سماجی فاصلے کے لیے لگائے گئے نشانات بھی اتار دیئے گئے۔ پابندیاں ختم ہونے کے بعد  مطاف میں زائرین کو بغیر سماجی فاصلے کے  طواف کی بھی اجازت  مل گئی ہے۔

خیال رہے کہ سعودی عرب میں کورونا کے اثرات میں کمی کے بعد ضوابط میں بتدریج نرمی لانے کا عمل شروع ہوگیا ہے۔

العربیہ کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کی وزارت داخلہ نے کھلے مقامات پر ماسک پہننے کی پابندی ختم کر دی ہے۔

رپورٹ کے مطابق خوراکیں لگوانے والے تمام افراد پر مساجد، ریستورانوں، سینیما گھروں اور ٹرانسپورٹ سروسز میں سماجی دوری کے پروٹوکول پر عمل درآمد کی پابندی بھی ختم کر دی گئی ہے۔

تمام شادی ہالز میں شادی بیاہ کی اجازت دی گئی ہے اور اس سلسلے میں مہمانوں کی تعداد کی کوئی قید نہیں۔