کوئٹہ: گورنربلوچستان سید ظہور احمد آغا سے بلوچستان اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ملک سکندر خان ایڈووکیٹ کی قیادت اراکین صوبائی اسمبلی کی ملاقات کی۔
وفد میں سردار عبدالرحمن کھتران، ملک نصیر احمد شاہوانی، نصراللہ زیرے، میر اسد بلوچ، عبدالواحد صدیقی، یونس زیری اور اکبر مینگل شامل تھے۔
گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا نے کہا ہے کہ جمہوری حکومت میں آئینی اور جمہوری طریقہ کار کو اختیار کرنے سے ہی عوامی مفادات کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکتا ہے میری ذاتی خواہش اور کوشش ہے کہ تمام امور و معاملات باہمی افہام تفہیم اور جمہوری طریقے سے پایہ تکمیل تک پہنچ سکیں ہمارے پاس تمام پارلیمانی امور و معاملات کو چلانے کا آئینی طریقہ موجود ہے۔
جس کی پاسداری تمام پارلیمنٹرینز پر لازم ہے آئین پاکستان کے علاوہ زندگی کے معاملات کو طے کرنے کیلئے ہماری اپنی شاندار اقدار و روایات بھی ہیں اپوزیشن لیڈر اور اراکین اسمبلی نے گورنر بلوچستان کو اپنے تحفظات سے بھی آگاہ کیا اور اپنا آئینی کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا۔
گورنر بلوچستان نے ان کے تحفظات اور مطالبات کو غور اور توجہ سے سنا اور آئین کے دائرہ کار کے اندر رہ کر اپنے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔