|

وقتِ اشاعت :   May 18 – 2015

اسلام آباد: پیپلزپارٹی کے شریک چیرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ اٹھارویں ترمیم کے بعد کسی صوبے میں گورنرراج لگانا آسان نہیں لہٰذا سندھ میں گورنر راج لگ رہا ہے اور نہ ہی وزیراعلیٰ کو تبدیل کیا جائے گا۔ زرداری ہاؤس میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ جمہوریت کی مضبوطی کے لیے کردار ادا کرتے رہیں گے، 2013 کے عام انتخابات کے نتائج بھی جمہوریت کی خاطر تسلیم کیے۔ انہوں نے کہا کہ اٹھارویں ترمیم کے بعد کسی صوبے میں گورنرراج لگانا آسان نہیں لہٰذا سندھ میں گورنر راج لگ رہا ہے اور نہ ہی وزیراعلیٰ کو تبدیل کیا جائے گا۔ سابق صدر نے کہا کہ پاک چائنہ اقتصادی راہداری قومی منصوبہ ہے اسے متنازعہ نہیں بننے دیں گے ہم نے اقتصادی راہداری منصوبہ ایک ہزار میل منظور کروایا تھا لیکن اب اسے 1500 میل بنایا جارہا ہے جس پر ہمیں کوئی اعتراض نہیں جب کہ راہداری کے روٹ کی نئی پیش رفت پر تمام سیاسی جماعتوں کو ایک صفحے پر اکٹھا کرلوں گا۔ آصف زرداری کا کہنا تھا کہ این ایف سی کے مسئلے کو ایشو بننے نہیں دیں گے یہ معاملہ نان ایشو ہے اور اسے افہام وتفہیم کے ساتھ حل کرلیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو پاکستان آنے کے لیے دبئی پہنچ چکے ہیں اور وہ پاکستان میں چینی سرمایہ کاری سے خوش ہیں۔