|

وقتِ اشاعت :   October 29 – 2021

کوئٹہ: بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے مرکزی چیئرمین جہانگیر منظور بلوچ نے سینئر وائس چیئرمین اشرف بلوچ، سینٹرل کمیٹی کے رکن آغا عدنان شاہ، بی ایس او گوادر زون کے صدر ابوبکر کلانچی، سینئر نائب صدر میر ساکا، جنرل سیکرٹری سنیل بلوچ و دیگر کے ساتھ گوادر یونیورسٹی و گورنمنٹ ڈگری کالج گوادر کا دورہ کیا۔دورے میں انھوں نے ڈگری کالج کے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر عظیم بلوچ و دیگر اساتذہ کرام اور طلباء سے ملاقات کی۔

پروفیسر ڈاکٹر عظیم بلوچ و دیگر اساتذہ اور طلباء نے کالج کے مسائل سے آگاہ کیا۔ جبکہ گوادر یونیورسٹی کا دورہ کرتے ہوئے چئیرمین نے گوادر یونیورسٹی کے ڈائریکٹر اعجاز بلوچ سے علاقائی تعلیمی مسائل پر سیر حاصل بحث کی۔ڈگری کالج کے طلباء سے ملاقات کے دوران طلباء سے خطاب کرتے ہوئے چئیرمین نے کہا کہ اس وقت بلوچستان تعلیمی حوالے سے مختلف مسائل کا شکار ہے۔ انھوں نے کہا کہ کہ حکمران ہمیں ترقی کے نام پر دھوکہ دیکر ہمارے ساحل و وسائل کو بے دردی سے اپنے مقاصد کیلئے استعمال کرتا ہے لیکن بلوچستان کے بچے بنیادی تعلیم کی سہولیات سے محروم ہیں۔

انھوں نے کہا کہ آپ بحیثیت مستقبل کے معمار اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے اپنے آئینی حقوق کیلئے پرامن جدوجہد کریں جس میں بی ایس او آپ کے شانہ بشانہ کھڑی ہوگی۔چیئرمین نے گوادر یونیورسٹی کے ڈائریکٹر سے ملاقات کے دوران انھیں گوادر یونیورسٹی کی نوٹیفکیشن جاری ہونے پر مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ یہ یونیورسٹی گوادر سمیت بلوچستان کے طلباء کے لیے تعلیم حاصل کرنے کی نئی راہیں کھول دے گی۔