سوڈان کے فوج کے کمانڈر انچیف لیفٹیننٹ جنرل عبدالفتاح البرہان نے 6 سوڈانی سفیروں کو ان کے عہدوں سے برطرف کر دیا ہے۔رپورٹ کے مطابق امریکا، یورپی یونین، قطر، چین اور فرانس میں سوڈانی سفیروں اور جنیوا میں سوڈانی مشن کے سربراہ کو برطرف کیا گیا ہے۔
رائٹرز کے مطابق سوڈان کے 12 ممالک کے سفیروں جن میں امریکا، متحدہ عرب امارات، چین اور فرانس شامل ہیں نے سوڈان کی تازہ ترین پیش رفت کو مسترد کر دیا تھا۔
دوسری جانب سیکیورٹی فورسز نے کارکنوں اور فوج کے خلاف احتجاج کرنے والے مظاہرین کو نشانہ بناتے ہوئے گرفتاریوں کی مہم تیز کردی۔
یہ احتجاج جنرل عبدالفتاح البرہان کے فیصلوں کو مسترد کرنے والے عوامی احتجاج کا حصہ ہے جوپورے خرطوم میں پھیلی ہوئی ہے۔
افریقی یونین نے بھی سوڈان کی رکنیت معطل کرنے کا اعلان کیا ہے جب کہ عالمی بینک نے شدید اقتصادی بحران میں پھنسے اس ملک کی امداد روک دی ہے۔
یاد رہے گزشتہ ہفتے سوڈان میں فوجی بغاوت کے بعد وزیر اعظم عبداللہ ہمدوک کو گھر میں نظر بند کر دیا گیا تھا۔