|

وقتِ اشاعت :   November 25 – 2021

تربت:  بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کی مرکزی کمیٹی کا اجلاس زیرصدارت چیئرمین ظریف رند منعقد ہوا۔ تنظیمی امور اور کونسل سیشن کے ایجنڈے خصوصی طور پر زیر بحث رہے اور کونسلران کے چھناؤ کیساتھ سیشن کی تیاریوں کو حتمی شکل دی گئی۔ بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کی مرکزی کمیٹی کا اجلاس 23 نومبر کو شال میں مرکزی چیئرمین ظریف رند کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ جس میں بلوچستان کی موجودہ صورتحال، تنظیمی امور، بائیسواں قومی کونسل سیشن اور آئیندہ کے لائحہ عمل کے ایجنڈوں پر تفصیلی بحث کی گئی اور اہم فیصلہ جات لیئے گئے۔ اجلاس کا آغاز عظیم قومی و انقلابی شہداء کے احترام میں دو منٹ کی خاموشی سے کی گئی۔

بعدازاں چیئرمین نے باقائدہ اجلاس کا افتتاح کیا اور پھر بحث کیلئے ایجنڈے کھولے گئے۔ بلوچستان کے اندر نئی سیاسی ابھار کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا اور گوادر کے عوامی تحریک کو انقلابی کروٹ کا پیش خیمہ کہا گیا۔ اسی طرح بلوچ طلباء کی جبری گمشدگی کے ردعمل میں طلباء کا احتجاج اور دھرنا دہائیوں کی ظلم و زیادتی کے خلاف نوجوانوں کی نفرت و مزاحمت کا اظہار ہے۔ اس سے پہلے خصوصی طور پر دو سالوں سے بلوچستان بھر میں نئی انقلابی سرکشیاں عوامی جذبات کا عملی اظہار ہیں مگر بدقسمتی سے تمام تحریکوں کو اب تک راستہ نا ملنے کی وجہ سے انکا دوبارہ تھم جانا قیادت کی عدم موجودگی کی وجہ سے ہے۔

اسی لئے بی ایس او کے مرکزی رہنماؤں کا کردار اس بحرانی کیفیت میں انتہائی اہم بنتا ہے۔ بی ایس او کا بحیثیت کیڈرساز ادارے کے قوم کو بحران سے نکالنے کیلئے قومی قیادت کی تشکیل کا عمل زیادہ تیز تر کرنا ہوگا۔ اسی نسبت بی ایس او کا بائیسواں قومی کونسل سیشن انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ اور اس قومی کونسل سیشن کو بی ایس او کے دفاع میں منعقد کرکہ بی ایس او کے بنیادی نظریات اور ڈسپلن کو بحال کرنا مقصود ہے۔ مرکزی کمیٹی نے تنظیم کے 12 زونز کی تجویز کردہ کونسلران کا چھناؤ کرکہ انہیں حتمی شکل دی جسکے مطابق شال زون کے 15 کونسلران، تربت زون کے 10، مستونگ کے 5، کوہلو اور کوہ سلیمان 3، نصیرآباد کے 7، خضدار کے 7، اتھل کے 5، حب کے 1، نوشکی 2، خاران 3، پنجگور 2 اور ڈائیسپورا کے 4 کونسلران کونسل سیشن میں شرکت کرینگے۔ اس طرح مرکز سمیت 77 مرکزی کونسلران کنونشن میں شریک ہونگے۔ جبکہ کونسلران کے علاوہ تنظیم کے سینئر کیڈرز مبصر کے طور پر سیشن میں شرکت کرینگے۔ مرکزی کمیٹی کے فیصلے کے مطابق 28 نومبر کو نومنتخب کابینہ کی تقریبِ حلف برداری دن 2 بجے کوئٹہ پریس کلب میں منعقد ہوگی جبکہ رات 9 بجے آشوبی دیوان منعقد ہوگی۔