|

وقتِ اشاعت :   December 19 – 2021

 پشاور: خیبر پختون خوا کے 17 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے لئے پولنگ جاری ہے جس میں مختلف علاقوں میں بدنظمی کے واقعات سامنے آئے ہیں۔

خیبرپختون خوا میں بلدیاتی الیکشن کا میدان سج گیا ہے، پہلے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات کیلئے پولنگ جاری ہے جو شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔

پہلے مرحلے میں پشاور، نوشہرہ، کوہاٹ، ڈی آئی خان سمیت 17 اضلاع میں پولنگ ہو رہی ہے، جنرل نشستوں کیلئے اُنیس ہزار دوسو بیاسی امیدوار مدمقابل ہیں، خواتین کی نشستوں کیلئے تین ہزار نو سو پانچ امیدواروں میں مقابلہ ہے۔

دوسری جانب کئی مقامات پر بدنظمی کے واقعات سامنے آئے ہیں، کہیں اسٹیمپ ناکارہ تو کہیں پولنگ اسٹیشنوں پر کارکنوں میں ہاتھاپائی ہوئی۔

میونسپل انٹرکالج شاہی باغ میں اسٹیمپ ناکارہ ہونے پر پولنگ روکنا پڑی۔ ابراہیم آباد کے خواتین پولنگ اسٹیشنز میں مردوں کے داخل ہونے پر جھگڑا ہوا جب کہ شاہ عالم تحصیل میں ورکروں کی لڑائی پر پولنگ روک دی گئی۔ خیبر میں بدنظی کی شکایت پر ہنگامہ ہوا اور بیلٹ باکس توڑ دیا گیا۔

مجموعی طور پر ایک کروڑ 26لاکھ68ہزار862ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے، مرد ووٹرزکی تعداد70 لاکھ15 ہزار767جبکہ خواتین ووٹرز کی تعداد56لاکھ53ہزار95ہے، کل 9ہزار223پولنگ اسٹیشنز اور28ہزار892پولنگ بوتھ قائم کیے گئے ہیں جن میں 4188پولنگ اسٹیشن حساس اور 2507زیادہ حساس قرار دیے گئے ہیں۔

باہمت معذور شخص نے بھی ووٹ کاسٹ کیا

بلدیاتی انتخابات میں ایک پولنگ اسٹیشن پر باہمت معذور شخص بھی پہنچا اور اپنا ووٹ کاسٹ کردیا۔

بلدیاتی انتخابات کیلیے77ہزار پولیس اہلکار تعینات ہوں گے جبکہ فرنٹیرکانسٹیبلری اورفوج کے10ہزار جوانوں پر مشتمل کوئیک رسپانس فورس بھی موجود ہوگی۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے الیکشن افسران کو خیبر پختون خوا بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے ہدایات جاری کردیں چیف الیکشن کمشنر نے ہدایت کی صاف شفاف اور غیر جانبدار انتخابات کے انعقاد کے لیے الیکشن کے دوران تمام وسائل بروئے لائے جائیں۔

بکاخیل میں امن و امان کی خراب صورتحال کے باعث پولنگ ملتوی

بنوں کی تحصیل بکاخیل میں امن و امان کی خراب صورتحال کے باعث پولنگ ملتوی کردی گئی۔ الیکشن کمیشن کے مطابق ڈی آر او بنوں اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کی جانب سے کچھ پولنگ اسٹیشنوں پر ناخوشگوار واقعات اورامن و امان کی مخدوش صورتحال کی نشاندہی کی گئی۔

چیف الیکشن کمشنر نے  تین رکنی کمیٹی تشکیل دیدی بکا خیل میں رات گئے چار پولنگ اسٹیشنوں پر مسلح نقاب پوشوں نے حملہ کیا، پولنگ کا سامان اٹھا کرلے گئے۔

الیکشن سے پہلے بیلٹ پیپر پہنچنے پر تنازع

پشاور این سی 33 اور 34 کے پولنگ اسٹیشنز میں بیلٹ پیپر پہنچنے پر تنازع شروع ہوگیا۔ اے این پی اور پیپلزپارٹی کے امیدواروں کا مخالف پارٹی پر دھاندلی کا الزام لگا دیا۔ الیکشن سے پہلے بیلٹ پیپر پہنچنے پر مظاہرین اسکول میں داخل ہوگئے اور نعرے بازی کی۔ پولیس نےتحصیل گور گٹھڑی اسکول کی پریذائیڈنگ آفیسرکو گرفتارکر لیا۔ ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق۔۔الیکشن کمیشن نے پولنگ عملے کو فوری طور پر ہٹا دیا۔