|

وقتِ اشاعت :   December 20 – 2021

کوئٹہ: پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی پریس ریلیز میں اوتھل کوسٹ گارڈ کی جانب سے پبلک ٹرانسپورٹ کو تنگ کرنے اور مسافروں سے بھری بسیں گھنٹوں رشوت خوری کیلئے کھڑی کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ المحمود کوچ سروس کو گھنٹوں کھڑی کرنے اور بیجا تنگ کرنے پر بطور احتجاج لاکھوں مالیت کی بس کو نذر آتش کرنے کے واقعہ کی اعلیٰ سطحی طور پر تحقیقات کی جائیں۔

بیا ن میںکہا گیا ہے کہ صوبے کے طول وعرض میں ایف سی کے ناروا چیک پوسٹیں عوام کے ساتھ رشوت خوری کے عیوض ہتھک آمیز سلوک جاری ہے ،قومی اسمبلی کے تشکیل کردہ کمیٹی نے اسلحہ اور منشیات کو اسمگلنگ اور باقی تمام اشیاء کو تجارت قرار دیا تھا لیکن ملک کے اندر ایک صوبے سے دوسرے صوبے کیلئے چلنے والی پبلک ٹرانسپورٹ کے مالکان ، ڈرائیورز ، مسافروں کو تنگ کرنے کا سلسلہ بدستور جارہی ہے۔

بیان میںکہا گیا ہے کہ اوتھل کوسٹ گارڈ کی عوام کے ساتھ بدسلوکی ، ہتھک آمیز رویہ اور ناقابل بیان رشوت خوری اور اسی طرح تمام بڑی شاہرانوں پر ایف سی کے ہاتھوں مجبور عوام کے ساتھ ناروا سلوک بند نہیں کیا گیا تو صوبے کے عوام فاقوں پر مجبور ہوجائینگے۔ بیان میں وفاقی اور صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ اوتھل کوسٹ گارڈ ،تمام شاہراہوں پر ایف سی کے چیک پوسٹیں ختم کی جائے بصورت دیگر حکومت کے خلاف عوام کی نفرت ،بیزاری سخت ترین احتجاج پر منتج ہوگی جس کی تمام تر ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی۔